نواز شریف کی اسرائیلی سفیر کیساتھ ملاقات والی تصویر جعلی قرار

Published On 26 September,2020 06:53 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) سوشل میڈیا کی مشہور ویب سائٹ فیس بک پر ایک تصویر وائرل ہو گئی ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ ن کے تاحیات قائد نواز شریف نے اسرائیلی سفیر سے ملاقات کی ہے، جس میں نواز شریف نے ایٹمی رازوں کے بدلے اپنا بزنس اسرائیل تک لے جانے کی ڈیل کی تھی۔یہ خبر جعلی ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق سوشل میڈیا کی مشہور ویب سائٹ فیس بک ایک پوسٹ 22 ستمبر 2020ء کو شیئر کی گئی، جسے تقریباً 400 سےزائد مرتبہ شیئر کیا جا چکا ہے۔

فیس بک پر شیئر کی گئی تصویر کے کیپشن میں لکھا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے اسرائیلی سفیر سے ملاقات کی ہے، جس میں نواز شریف نے پاکستانی ایٹمی رازوں کے بدلے اپنا بزنس اسرائیل تک جانے کی ڈیل کی تھی، یاد رہے یہ وہی ڈیل تھی جس کا ذکر جے آئی ٹی کے والیم 10 میں بھی ثبوت کے طور پر ہوا تھا۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اس تصویر کو سینکڑوں مرتبہ شیئر کیا جا چکا ہے، یہ تصویر جعلی ہے۔ہماری تحقیق کے دوران پتہ چلا کہ جو شخص سابق وزیراعظم نواز شریف کیساتھ ملاقات کر رہا ہے وہ اسرائیلی سفیر نہیں بلکہ جرمن وزیر خارجہ ہیں، جنہوں نے جون 2013ء میں ان سے ملاقات کی تھی۔

اصلی تصویر کے کیپشن میں لکھا ہے کہ پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف (دائیں) جرمن وزیر خارجہ سے ملاقات کے دوران انہیں بغور سے سن رہے ہیں، یہ ملاقات 8 جون 2013ء کو اسلام آباد میں ہوئی تھی، اس تصویر کا نیچے سکرین شارٹ دیا گیا ہے، دونوں تصویروں میں واضح فرق دیکھا جا سکتا ہے کہ کس طرح تصویر کو گمراہ کن انداز میں بنایا گیا ہے۔ 

Advertisement