آذر بائیجان، آرمینیا کی جنگ میں پاکستانی فوجیوں کی شمولیت کے دعوے جعلی قرار

آذر بائیجان، آرمینیا کی جنگ میں پاکستانی فوجیوں کی شمولیت کے دعوے جعلی قرار

دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چوہدری نے ایک بیان میں کہا کہ آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے اس معاملے پر بھی اپنا موقف واضح کیا ہے کہ آذربائیجان کی افواج اپنے وطن کے دفاع کیلئے کافی ہیں اور انہیں غیر ملکی افواج کی مدد درکار نہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ امر افسوسناک ہے کہ آرمینیا کی قیادت آذربائیجان کے خلاف اپنے غیر قانونی اقدامات پر پردہ ڈالنے کے لئے جھوٹ اور جعلی پراپیگنڈہ کر رہی ہے جسے روکا جانا چاہئے۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان سمجھتا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان طویل المعیاد امن اور معمول کے تعلقات کی بحالی کا انحصار اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر مکمل عملدرآمد اور آذربائیجان کی علاقائی حدود سے آرمینیا کی فوج کے انخلاء پر ہے۔

اس سے قبل اسلام آباد میں آذر بائیجان کے سفیر علی علیزادے نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے بیان میں لکھا کہ آرمینیا کے وزیراعظم پاکستان اور ترکی سے متعلق جھوٹے اور بے بنیاد الزام لگا رہے ہیں۔

انہوں نے مزید لکھا کہ آرمینیا جھوٹے پراپیگنڈے کے ذریعے دیگر ممالک کو تنازع میں گھسیٹ رہا ہے۔