حامد خان کے سوشل میڈیا پر وائرل تمام اکاؤنٹس جعلی قرار

Published On 09 September,2022 05:37 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان کے توہین عدالت کیس میں وکیل اور سینئر پارٹی رہنما حامد خان نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے تمام اکاؤنٹس کو جعلی قرار دیدیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک ویڈیو بیان میں انہوں نے کہا کہ مجھے پتہ چلا ہے کہ ٹویٹر پر میرے نام سے کوئی اکاؤنٹ چلا رہا ہے اور اس اکاؤنٹ سے متعدد ٹویٹس کی جا رہی ہیں، میں ایک بات واضح کرنا چاہتا ہوں کہ میرا کوئی اکاؤنٹ نہیں ہے، نہ پہلے تھا اور نہ ہی اب ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میرے نام سے جو کوئی بھی ٹویٹر اکاؤنٹ استعمال کر رہا ہے، ان سے اپیل کی تھی اپنے نام سے اکاؤنٹ بنائیں، ان ٹویٹس کی وجہ سے لوگوں میں بہت غلط فہمیاں پیدا ہوتی ہیں، میں نے کبھی بھی ٹویٹر اکاؤنٹ کو استعمال نہیں کیا۔

سینئر وکیل رہنما کا کہنا تھا کہ اگر کوئی بات کہنی ہو گی تو میں اس کے لیے ویڈیو بیان جاری کروں گا، یا کسی چینل کے ذریعے پیغام دے سکتا ہوں، میرے چاہنے والوں کو پیغام ہے اگر کوئی اس کا ٹویٹ ملے تو اس پر یقین نہ کیجئے گا۔

آخر میں حامد خان نے وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ جو لوگ یہ ٹویٹس کر رہے ہیں ان کو کہتا ہوں بعض آ جائیں، اپنے نام سے ٹویٹس کریں، میرا نام مت استعمال کریں، یہ اپیل بھی ہے اور وارننگ بھی ہے۔
 

Advertisement