اسلام آباد:(دنیانیوز) اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان نے حکومت کی جانب سےسیل کی جاری کردہ تصاویر اور سہولیات کے دعوؤں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کو موت کی کوٹھری میں رکھا گیا ہے۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے عمر ایوب بانی پی ٹی آئی کے ایکس ہینڈل پرشیئر ویڈیو سے متعلق پوچھ گچھ کے لیے ایف آئی اے میں طلب کیے جانے پر سیخ پا ہو گئے۔
بانی پی ٹی آئی کے جیل میں سیل کی تصاویر اور حکومتی دعوؤں کی تردید کرتے ہوئے عمر ایوب کا کہنا تھا بانی پی ٹی آئی کو موت کی کوٹھری میں رکھا گیا ہے، بشریٰ بی بی کے پاس بھی سہولیات نہیں ہیں، اس کی مذمت کرتے ہیں۔
واضح رہے دو روز قبل وفاقی حکومت کی جانب سے عمران خان کو جیل میں دی جانے والی سہولیات کی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی تھی اور حکومت نے جیل میں دی جانے والی سہولیات کی تصاویر بھی جاری کی تھیں۔