کراچی: (دنیا نیوز) بااثر افراد کی جانب سے ٹانگ کاٹے جانے والے اونٹ کے مالک کے قتل کی سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی خبریں جھوٹ نکلیں۔
تفصیلات کے مطابق چند روز قبل سانگھڑ کے علاقے منگلی میں سنگ دل وڈیرے نے اپنے کھیت میں داخل ہونے پر اونٹ کی ٹانگ کاٹ دی تھی، پولیس نے بااثر وڈیرے کے بجائے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا۔
وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی ذاتی عداوت پر بے زبان جانور اونٹ کی ٹانگ کاٹنے کے واقعے نوٹس لے کر متعلقہ پولیس افسران سے رپورٹ طلب کی تھی، پولیس نے ایکشن لیتے ہوئے ملوث 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
دوسری جانب گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے بھی سانگھڑ میں مبینہ بااثر وڈیرے کی حرکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ کھیت میں داخل ہونے پر اونٹ کی ٹانگ کاٹ دینا انسانیت نہیں، اونٹ کی ٹانگ کاٹ کرغریب سے اس کی روزی بھی چھینی گئی۔
پولیس کی جانب سے اونٹ کی ٹانگ کاٹنے والے ملزموں کیخلاف کارروائی کے دو روز بعد سوشل میڈیا پر خبریں گردش کرنا شروع ہو گئیں کہ بااثر افراد نے اونٹ کے مالک سومر بیھن کو بھی قتل کر دیا ہے جس پر سندھ پولیس کی دوڑیں لگ گئیں۔
ترجمان سندھ پولیس نے وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ متاثرہ اونٹ کے مالک سومر بیھن کے قتل سے متعلق سوشل میڈیا پر وائرل خبریں حقائق کے ناصرف یکسر برخلاف بلکہ من گھڑت اور بے بنیاد بھی ہیں، ایس ایس پی سانگھڑ کا سومر بیھن رابطہ بھی ہوا ہے۔
ترجمان سندھ پولیس نے مزید کہا ہے کہ اونٹ کے مالک سومر بیھن نے ایس ایس پی سانگھڑ کو بتایا ہے کہ وہ خیریت سے ہے، منفی پراپیگنڈے کا مقصدعوام میں بے یقینی پھیلانا ہے، ایسےعناصر کیخلاف متعلقہ اداروں کی مدد سے قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔