عظمیٰ بخاری نے صوبے کے قرضوں سے متعلق خبروں کو بے بنیاد قرار دیا

Published On 26 August,2025 11:06 am

لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے صوبے کے قرضوں سے متعلق خبروں کو بے بنیاد اور گمراہ کن قرار دے دیا۔

اپنے بیان میں صوبائی وزیر عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ یہ خبر جھوٹ اور غلط فہمی پر مبنی ہے اور مالیاتی معاملات کی بنیادی سمجھ بوجھ نہ رکھنے والے افراد ایسی اطلاعات پھیلا رہے ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ پنجاب نے سٹیٹ بینک آف پاکستان سے ایک روپیہ بھی قرض نہیں لیا، رپورٹ میں جس رقم کا ذکر ہے وہ دراصل پنجاب حکومت کی فیڈرل گورنمنٹ کے ٹی بلز میں سرمایہ کاری ہے، جس کا مقصد منافع حاصل کرنا ہے، قرض لینا نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب اس وقت ایک سرپلس صوبہ ہے اور صوبائی حکومت کے اکاؤنٹس میں ایک ٹریلین روپے سے زائد رقم موجود ہے، اس لئے پنجاب کو کسی سے قرض لینے کی ضرورت ہی پیش نہیں آتی۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ رپورٹ میں جن اداروں کا ذکر ہے وہ ممکنہ طور پر وفاقی حکومت کے ہیں، پنجاب کے زیر انتظام کسی ادارے نے کوئی قرض نہیں لیا، حیرت کی بات یہ ہے کہ خبر لکھنے والے کو یہ بنیادی بات بھی معلوم نہیں تھی کہ 2019 کے بعد سٹیٹ بینک ایکٹ کے تحت کسی بھی حکومت، چاہے وفاقی ہو یا صوبائی، کو براہ راست سٹیٹ بینک سے قرض لینے کی اجازت نہیں۔

وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ جھوٹی اور بے سروپا خبریں پھیلانے والے صحافی کو اپنی خبر پر شرمندگی کا اظہار کرنا چاہیے، بصورت دیگر حکومت قانونی چارہ جوئی کا حق محفوظ رکھتی ہے۔