بھارتی انڈسٹری کی مشہور اداکارہ کاجل اگروال کی موت کی خبریں جھوٹی نکلیں

Published On 06 September,2025 06:11 pm

ممبئی :(ویب ڈیسک ) بھارتی فلم انڈسٹری کی مشہور اداکارہ کاجل اگروال کے انتقال کی خبریں گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئیں۔

افواہوں میں دعویٰ کیا گیا کہ اداکارہ کسی حادثے کا شکار ہو گئی ہیں، تاہم حقیقت بالکل برعکس نکلی، کاجل اگروال نہ صرف زندہ ہیں بلکہ اپنی زندگی کے خوشگوار لمحات سے لطف اندوز ہو رہی ہیں۔

انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنی تازہ تصاویر شیئر کرکے مداحوں کو یقین دلایا کہ وہ بالکل خیریت سے ہیں، ان جھوٹی خبروں نے ان کے پرستاروں کو سخت تشویش میں مبتلا کر دیا تھا، مگر اداکارہ کی جانب سے سامنے آنے والی تازہ پوسٹوں نے تمام افواہوں کو یکسر مسترد کر دیا۔

خیال رہے کاجل اگروال کا شمار ان اداکاراؤں میں ہوتا ہے جنہوں نے جنوبی ہند اور بالی ووڈ دونوں میں اپنی پہچان بنائی ہے، یہی وجہ ہے کہ ان کے حوالے سے کوئی بھی خبر لمحوں میں شہ سرخی بن جاتی ہے۔