گلوکار اذان سمیع خان کی بیوی سے متعلق وائرل بیان کی تردید

Published On 30 September,2025 11:11 am

لاہور: (ویب ڈیسک) گلوکار و اداکار اذان سمیع خان نے اپنی مستقبل کی اہلیہ سے متعلق وائرل بیان کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے نام پر منسوب الفاظ کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا۔

حال ہی میں اذان سمیع خان سے منسوب ایک بیان سوشل میڈیا پر گردش کررہا ہے، جس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ وہ مذہبی وجوہات کی بنا پر اپنی مستقبل کی اہلیہ کو سوشل میڈیا پر نہیں دیکھنا چاہتے۔

تاہم، اذان سمیع خان نے اس بیان کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے انسٹاگرام سٹوری پر سمتھنگ ہاٹ کو دیئے گئے ایک ماہ پرانے انٹرویو کا لنک شیئر کرتے ہوئے وضاحت کی کہ ان کی بات کو غلط انداز میں پیش کیا گیا، میڈیا کو چاہیے کہ کسی بات کو منسوب کرنے سے پہلے اس کے حقائق کی ضرور تصدیق کرے، کیونکہ ان کے نام پر ایک ایسا جملہ منسوب کیا گیا جو حقیقت میں انہوں نے کہا ہی نہیں تھا۔

اداکار نے انٹرویو کا لنک اور وہ وقت بھی شیئر کیا، جہاں سے ان کی بات کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پھیلایا گیا۔

انٹرویو میں میزبان نے سوال کیا تھا کہ اذان سمیع خان کا سوشل میڈیا کے ساتھ رویہ کافی قدامت پسندانہ لگتا ہے اور ان سے پوچھا تھا کہ کیا وہ پرانے نظریے کے حامل ہیں جو ذاتی زندگی کو نجی رکھنے پر یقین رکھتے ہیں، کیونکہ ان کی پوسٹ زیادہ تر کام سے متعلق ہوتی ہیں۔

اس پر اداکار نے جواب دیا کہ ان کے مذہبی عقائد کے مطابق کچھ رشتے مقدس ہوتے ہیں اور انہیں اسی وقت ظاہر کرنا چاہیے جب وہ باقاعدہ نکاح کے ذریعے قائم ہوں، ان کے مطابق نکاح ایک مقدس رشتہ ہے جو شوہر اور بیوی دونوں کی عزت کی حفاظت کرتا ہے۔

اداکار نے مزید کہا کہ وہ اقدار کے معاملے میں تذبذب کا شکار نہیں ہو سکتے، اسی لئے کبھی مغربی رجحانات اور کبھی مذہبی اصول اپنانے سے گریز کرتے ہیں، ان کے مطابق ہر شخص کو کچھ بنیادی اقدار پر قائم رہنا چاہیے، جو وقت کے ساتھ ساتھ سیکھنے کے عمل میں مزید نکھرتی ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان موضوعات پر ضرور بات ہونی چاہیے لیکن اس وقت جب وہ تقدس کے دائرے میں آ جائیں، وہ ذاتی طور پر اپنے کام اور اپنی شخصیت کے حوالے سے جانے جانا چاہتے ہیں۔