اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے سی ڈی اے کو پارلیمنٹ ہاؤس سے بیدخل کرنے کی خبروں کی تردید کر دی۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے واضح کیا ہے کہ کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کو پارلیمنٹ ہاؤس سے بیدخل نہیں کیا گیا، بلکہ صرف سی ڈی اے کے جنیٹوریل (صفائی ستھرائی) سٹاف کی خدمات واپس لی گئی ہیں۔
ترجمان کے مطابق سی ڈی اے کے دیگر افسران اور عملہ معمول کے مطابق پارلیمنٹ ہاؤس میں اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں، جنیٹوریل سٹاف کی اکثریت مستقل طور پر غیر حاضر رہتی تھی، جس پر سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے معاملہ فنانس کمیٹی کے سپرد کیا۔
قومی اسمبلی کے ترجمان نے کہا کہ فنانس کمیٹی نے تفصیلی غور کے بعد سی ڈی اے کے جنیٹوریل سٹاف کو ہٹا کر اوپن ٹینڈر کے ذریعے نئی کمپنی کو خدمات فراہم کرنے کا متفقہ فیصلہ کیا۔
کمیٹی کے فیصلے کے تحت ہونے والے اوپن ٹینڈر میں 13 فرموں نے حصہ لیا، جن میں سے کامیاب ہونے والی کمپنی دیگر سرکاری اداروں میں بھی صفائی کی خدمات فراہم کر رہی ہے۔
قومی اسمبلی کے ترجمان کے مطابق نئے نظام کے تحت سالانہ تقریباً 100 ملین روپے کی بچت ممکن ہوگی۔



