کورونا وائرس کے مریضوں پر ملیریا کی دوائی موثر ہونے کے بعد بازاروں میں نایاب

Last Updated On 07 April,2020 12:15 pm

لاہور: (دنیا نیوز) کورونا وائرس کے مریضوں پر ملیریا کی دوائی موثر ہونے کے بعد مارکیٹس سے نایاب ہو گئی، ملیریا کے مریض ہسپتالوں اور اوپن مارکٹیس میں ادویات کے حصول کے لیے دھکے کھانے پر مجبور ہیں۔

کورونا وائرس پوری دنیا پر حملہ آور ہے، پاکستان میں کورونا وائرس کی وباء سے متاثرہ مریضوں کے لیے ملیریا کی ادویات امید کی کرن بننے لگی تو ہسپتالوں اور مارکیٹس سے ملیریا کی ادویات ڈھونڈنا امتحان بن گیا، فیصل آباد کے سرکاری ہسپتالوں اور میڈیسن مارکیٹ میں ملیریا کی ادویات نایاب ہو چکیں۔

ادویات کے حصول کے لیے مریض پہلے سرکاری ہسپتالوں اور پھر مارکیٹوں سے مایوس لوٹنے لگے، مریضوں کے مطابق ملیریا کی ادویات بلیک میں مہنگے داموں بیچی جا رہی ہیں جن کی تلاش میں وہ دربدر ہیں۔

اے ایم ایس سول ہسپتال کا کہنا ہے کہ ملیریا کی ادویات کورونا کے مریضوں کے لیے موثر ہونے کے سبب مارکیٹس میں دستیاب نہیں، حکومتی عدم توجہی کے باعث میڈیسن مارکیٹوں میں ملیریا سمیت دیگر بیماریوں کی ادویات کی فراہمی کا نظام متاثر ہے جس سے بلیک مافیا خوب کمائی کر رہا ہے۔
 

Advertisement