روم: (ویب ڈیسک) اٹلی سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹروں نے دعویٰ کیا ہے کہ نئے کورونا وائرس اب اتنا جان لیوا نہیں رہا جتنا عالمی وبا کے آغاز پر تھا۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق میلان کے سان ریفایلی ہاسپٹل کے سربراہ ڈاکٹر البرٹو زینگریلو نے ٹی وی انٹرویو کے دوران کہا کہ حقیقت تو یہ ہے کہ طبی لحاظ سے یہ وائرس اب اٹلی میں موجود نہیں۔
ان کا کہنا تھا گزشتہ 10 دن کے دوران سواب ٹیسٹوں میں جو وائرل لوڈ دیکھا گیا وہ ایک یا 2 ماہ قبل کے مقابلے میں نہ ہونے کے برابر ہے۔
انہوں نے اطالوی حکومت پر لاک ڈاؤن کی پابندیاں اٹھانے کے عمل کو جاری رکھنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وائرس کی دوسری لہر کا انتباہ اٹلی میں غیرضروری خوف پھیلانے کا باعث بن رہا ہے۔
یاد رہے کہ میلان اٹلی کے خطے لمبارڈی میں واقع ہے جو اس وبائی مرض سے بہت بری طرح متاثر ہوا تھا۔
شمال مغربی اٹلی کے شہر جینوا کے سان مارٹینو ہاسپٹل کے وبائی امراض کے مرکز کے سربراہ میٹیو باسیٹی نے بھی ڈاکٹر البرٹو کی بات سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس اب اتنا جان لیوا نہیں رہا جتنا پہلے تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس وائرس کی جو طاقت 2 ماہ پہلے تھی وہ آج بہت کم رہ گئی ہے، یہ واضح ہے کہ آج کووڈ 19 کی بیماری پہلے سے مختلف ہے۔
خیال رہے کہ اٹلی کووڈ 19 سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے جہاں ہلاکتوں کی تعداد 33 ہزار سے زائد تھی جبکہ مانا جاتا ہے کہ حقیقی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہوگی۔
مگر اب وہاں روزانہ نئے کیسز کی تعداد مئی کے اختتام پر 300 تک پہنچ گئی ہے جو مارچ میں 6500 تک پہنچ گئی تھی۔
دوسری جانب سے اٹلی کی وزیر صحت ساندرا زمپا کا کہنا ہے کہ ان ڈاکٹروں کے دعوے کے حوالے سے شواہد ناکافی ہیں۔ شہری سماجی دوری کی ہدایات پر عمل جاری رکھیں۔ اس خیال کی حمایت کے لیے سائنسی شواہد اب تک سامنے نہیں آئے وائرس اب غائب ہوچکا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم اطالوی شہریوں پر زور دیتے ہیں کہ وہ مکمل احتیاط کا مظاہر کرتے ہوئے جسمانی طور پر لوگوں سے دوری کو یقینی بنائیں، زیادہ افراد کے اجتماع سے گریز کریں، اپنے ہاتھوں کو اکثر دھوئیں اور ماسک پہنیں۔
یاد رہے کہ اٹلی میں کئی ہفتوں کے سخت لاک ڈاؤن کے بعد اب مختلف شعبوں کو بتدریج کھولا جارہا ہے۔
رواں ہفتے اٹلی میں بیرون ملک سے آنے یا باہر جانے والوں کو سفر کی اجازت دی جارہی ہے جبکہ یورپی ممالک سے تعلق رکھنے والے افراد کو وہاں 2 ہفتے تک آئسولیشن کی بھی ضرورت نہیں ہوگی۔ سنیما اور تھیٹر کو بھی رواں ماہ کے آخر تک کھول دیا جائے گا۔