لاہور: (ویب ڈیسک) عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے امید ظاہر کی ہے کہ دو برس کے اندر اندر کورونا وائرس کو مکمل طور پر شکست دی جا سکتی ہے۔
عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ڈاکٹر ٹیڈروس ادھانم گیبرائسس نے کہا ہے کہ ہسپانوی فلو کے مقابلے میں کورونا وائرس پر زیادہ جلدی قابو پانا ممکن ہے۔ جمعے کے شب جنیوا میں صحافیوں سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ دو سال کے دوران کووڈ انیس پر مکمل طور پر قابو پایا جا سکتا ہے اور اس سلسلے میں جدید ٹیکنالوجی کلیدی ثابت ہو گی۔
ڈاکٹر ٹیڈروس گیبرائسس نے کہا کہ سن 1918 میں ہسپانوی فلو پر قابو پانے میں دو سال لگے تھے تاہم اب انسان ٹیکنالوجی میں بہت زیادہ ترقی کر چکا ہے اور کووڈ انیس کا مقابلہ کرنے میں یہی ٹیکنالوجی انتہائی اہم ثابت ہو گی۔
ساتھ ہی انہوں نے یہ اعتراف بھی کیا کہ اسی ترقی کے باعث اب انسان اپنی نقل و حرکت میں بہت زیادہ خود مختار ہوا ہے، جس کی وجہ سے یہ وائرس بہت جلدی سے ایک مقام سے دوسرے مقام پر پہنچ سکتا ہے۔
ڈاکٹر گیبرائسس کے مطابق اس کے باوجود موجودہ ٹیکنالوجی کی مدد سے اس عالمی وبا کے پھیلاؤ میں کمی ممکن ہے اور اس مرتبہ کورونا وائرس کو کم وقت میں‘ دنیا بھر سے ختم کیا جا سکتا ہے۔ سو سال قبل پھیلنے والے ہسپانوی فلو کے نتیجے میں پچاس ملین افراد ہلاک ہوئے تھے۔