لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب حکومت نے کاروباری اور تجارتی اداروں کے نئے اوقات کار مقرر کرنے کا فیصلہ کیا۔ کورونا کی صورتحال بہتر ہونے پر اب پنجاب میں کاروباری ادارے صبح 8 بجے سے رات 10 بجے تک کھلے رہیں گے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر وزیراعلیٰ آفس میں اعلیٰ سطح کا ا جلاس منعقد ہوا جس کی صدارت صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے کی۔ اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ بازاروں، مارکیٹوں میں ماسک کی پابندی یقینی بنائی جائے-
اجلاس میں کہا گیا کہ کورونا بتدریج کم ہو رہا ہے، احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہیے۔ اجلاس میں اتفاق کیا گیا رش والے مقامات پر اگر جانا ضروری ہو تو ماسک ضرور پہنیں۔ اعلیٰ سطح کی کمیٹی نے دیگر پابندیاں نرم کرنے کے لئے این سی اوسی کو سفارشات بھیجنے کا فیصلہ کیا۔
راجہ بشارت کی زیر صدارت اجلاس میں صوبائی وزیر صنعت، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری صنعت اور دیگر متعلقہ حکام موجود تھے۔