لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان نے کورونا ویکسین کی انسانوں پر آزمائش کی منظوری دیدی ہے اور چین کی دو کمپنیاں حکومت پاکستان کے اشتراک سے ویکسین کی تیاری پر کام کر رہی ہیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے ویکسین کی انسانی آزمائش کی اجازت دی ہے اور نیشنل انسٹیوٹ آف ہیلتھ سائنسز، اسلام آباد اور کراچی یونیورسٹی میں قائم انٹرنیشنل سینٹر فار کیمیکل اینڈ بائیولاجیکل سائنس میں ان آزمائشی مرحلوں کی نگرانی کی جا رہی ہے۔
آغا خان یونیورسٹی ہسپتال، شوکت خانم اور انڈس ہسپتال بھی اس آزمائشی تجربے کا حصہ ہیں۔
انڈس ہسپتال کے ڈاکٹر باری نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کلینیکل ٹرائل سے پہلے ویکیسن کا لیبارٹری میں ٹرائل کیا گیا اور دوسرے مرحلے میں جانوروں پر آزمائش کی گئی۔ اب تیسرے مرحلے میں اس کی انسانوں پر آزمائش ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ آزمائش کے لیے صحتمند رضاکاروں کا انتخاب کیا جاتا ہے جس کیلئے تشہیر ہوتی ہے۔ اس کے بعد ان میں سے رضاکار منتخب کر کے انھیں آزمائشی ویکیسن لگائی جاتی ہے۔
آغا خان ہسپتال کے متعدی امراض کے ماہر ڈاکٹر فیصل محمود نے بی بی سی سےبات کرتے ہوئے کہا کہ پہلے چند لوگوں پر آزمائش ہوتی ہے جسکے بعد کچھ سو اور اس کے بعد ہزاروں پر تاکہ یہ معلوم ہو سکے کہ ویکسین کے نتائج کیا آ رہے ہیں اور آیا اس کا کوئی سائیڈ افیکٹ تو نہیں۔
انھوں نے کہا کہ کوئی بھی ویکیسن یا دوائی ہو، اسکی آزمائش میں شامل رضاکاروں کو عام طور پر ہسپتال میں نہیں رکھا جاتا۔ وہ ہر دوسرے روز یا ہفتے میں ہسپتال آتے ہیں جہاں ان کے خون کے نمونے اور دیگر ٹیسٹ لیے جاتے ہیں جن میں یہ دیکھا جاتا ہے کہ ویکسین یا دوائی کس حد تک موثر ہو رہی ہے۔
دوسری جانب نیشنل انسٹیٹوٹ آف ہیلتھ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی ویکیسن کا پاکستان میں یہ پہلا کلینیکل ٹرائل ہوگا اورadveno virus type 5 vector کی تیاری میں چینی کمپنیاں کین سینو بائولوجکس (CanSino Biologics) اور بیجنگ انسٹیٹیوٹ آف بائیو ٹیکنالوجی شامل ہیں۔
این آئی ایچ کے ایگزیکیوٹو ڈائریکٹر میجر جنرل عامر اکرام نے کہا ہے کہ یہ کثیر الملکی اور ملٹی سینٹر ٹرائل ہے، کین سینو بائولوجکس اس سے قبل چین، روس اور سعودی عرب میں ایسے تجربے کر چکی ہے۔ ایک ویکسین کی آزمائش میں تعاون کے لیے اے جے ایم فارما این آئی ایچ سے گذشتہ ماہ معاہدہ کرچکی ہے۔
انسانوں پر ویکسین کے ٹرائلز
اس سے پہلے آکسفورڈ یونیورسٹی کی طرف سے بنائی گئی کورونا وائرس کی ویکسین کے بھی انسانی ٹرائل کیے گئے جن کے ابتدائی نتائج کو بظاہر محفوظ اور مدافعت کے نظام کو بیماری کا مقابلہ کرنے کے قابل بنانے والا پایا گیا۔
آکسفورڈ یونیورسٹی کا تجربہ 1077 افراد پر کیا گیا اور انھیں انجیکشن لگائے گئے تاکہ وہ اپنے جسم میں اینٹی باڈیز اور وائٹ بلڈ سیل بنائیں جو کورونا وائرس کا مقابلہ کر سکیں۔
ویکسین کیسے کام کرتی ہے؟
اس ویکسین کو جنیاتی طور پر تبدیل کیے گئے ایسے وائرس سے بنایا جا رہا ہے جو بندروں کو نزلہ زکام میں مبتلا کرتا ہے۔ وائرس کو بہت زیادہ تبدیل کیا گیا ہے تاکہ یہ انسانوں کو بیمار نہ کر سکے اور یہ دیکھنے میں کورونا وائرس جیسا ہو جائے۔
سائنسدانوں نے ایسا کرنے کے لیے کورونا وائرس کے جسم میں نوکوں کی طرح نکلے ہوئے پروٹین کی جننیاتی خصوصیات کو اس ویکسین میں منتقل کیا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ ویکسین کورونا وائرس سے ملتی جلتی ہوگی اور انسانوں کا مدافعتی نظام یہ سیکھ لے گا کہ کورونا وائرس پر کیسے حملہ کرنا ہے۔
اینٹی باڈیز اور ٹی سیل کیا ہوتے ہیں؟
کورونا وائرس سے بچاؤ سے متعلق گفتگو میں زیادہ توجہ اینٹی باڈیز پر مرکوز رہی ہے لیکن یہ انسانوں کے مدافعتی نظام کا صرف ایک حصہ ہیں۔
اینٹی باڈیز مدافعتی نظام میں چھوٹے پروٹین ہوتے ہیں جو وائرسوں کی بیرونی سطح پر چپک جاتے ہیں۔ نیوٹرلائزنگ اینٹی باڈیز کورونا وائرس کو ناکارہ بنا سکتی ہیں۔ نیوٹرلائزنگ اینٹی باڈی وہ اینٹی باڈی ہوتی ہے جو کسی بھی پیتھوجن یا نقصان دہ چیز کو بے اثر کر کے خلیوں کو محفوظ رکھتی ہے۔
ٹی سیل ایک قسم کے وائٹ بلڈ سیل ہوتے ہیں، یہ خلیے مدافعتی نظام کے اہم سپاہی ہوتے ہیں۔ یہ جسم میں موجود ایسے خلیوں کو ڈھونڈ کر تباہ کر دیتے ہیں جو وائرس سے متاثر ہو چکے ہوتے ہیں۔ تقریباً تمام موثر ویکسینوں کے ذریعے اینٹی باڈیز اور ٹی سیل کا ردِعمل شروع ہو جاتا ہے۔
ویکسین دیئے جانے کے بعد جسم میں ٹی سیل کی سطح 14 روز میں اپنی انتہا کو پہنچتی ہے جبکہ اینٹی باڈیز کی سطح 28 روز کے بعد انتہا پر پہنچ جاتی ہے۔
طبی تحقیق کے جریدے لینسٹ میں چھپنے والی اس تازہ تحقیق کو ابھی اتنے دن نہیں ہوئے کہ یہ معلوم ہو سکے کہ ویکسین کے نتیجے میں ٹی سیل اور اینٹی باڈیز کے بننے کا سلسلہ کب تک برقرار رہ سکے گا۔
آکسفورڈ ریسرچ گروپ سے منسلک پروفیسر اینڈریو پولارڈ کا کہنا ہے کہ ہم آج شائع ہونے و الے نتائج سے بہت خوش ہیں کیونکہ ہمیں نیوٹرلائزنگ اینٹی باڈیز اور ٹی سیل دونوں حاصل ہو رہے ہیں۔
اب تک ہونے والی تحقیق کے مطابق جن لوگوں پر یہ ویکسین استعمال کی گئی ہے ان میں سے 90 فیصد میں ایک خوراک دیئے جانے کے بعد اینٹی باڈیز پیدا ہوئی ہیں۔