اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) قومی ادارہ صحت نے کورونا ویکسین کے فیز 3 کلینیکل ٹیسٹ کے لئے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی ( ڈریپ) سے منظوری لے لی۔
ویکسین کینسینو بائیو اینڈ بیجنگ انسٹی ٹیوٹ آف بائیو ٹیکنالوجی چائنہ کی تیار کردہ ہے جسے کورونا ویکسین فیز 3 کے کلینیکل ٹرائل کے لئے منظور کیا گیا۔
پاکستان میں کسی بھی ویکسین کا یہ پہلا فیز 3 کلینیکل ٹرائل ہوگا۔ ملٹی کنٹری ملٹی سنٹر کلینیکل ٹرائل ہے، کینسینو بائیو کمپنی پہلے ہی چین، روس، چلی، ارجنٹائن میں شروع کروا چکی ہے۔
خیال رہے پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 2 لاکھ 89 ہزار 832 ہوگئی۔ مہلک وائرس نے 15 افراد کی جان لے لی، جس کے بعد اموات کی تعداد 6 ہزار 190 ہوگئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 617 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 95 ہزار 611، سندھ میں ایک لاکھ 26 ہزار 425، خیبر پختونخوا میں 35 ہزار 337، بلوچستان میں 12 ہزار 321، گلگت بلتستان میں 2 ہزار 538، اسلام آباد میں 15 ہزار 401 جبکہ آزاد کشمیر میں 2 ہزار 199 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 23 لاکھ 17 ہزار 213 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 17 ہزار 612 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 2 لاکھ 70 ہزار 9 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 759 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 15 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 6 ہزار 190 ہوگئی۔ پنجاب میں 2 ہزار 185، سندھ میں 2 ہزار 331، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 239، اسلام آباد میں 175، بلوچستان میں 138، گلگت بلتستان میں 61 اور آزاد کشمیر میں 61 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔