لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی وزی صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ عیدالاضحیٰ کے بعد کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ نہیں ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے کیسز میں واضح کمی کی وجہ سمارٹ لاک ڈاؤن، سمارٹ سمپلنگ اور بہترین حکومتی پالیسی ہے۔ دنیا میں کیسز بڑھ رہے ہیں جبکہ پاکستان میں حالات قابو میں ہیں۔ تاہم کورونا وائرس کی دوسری لہر سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر اپنانا بہت ضروری ہے۔
ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ پولیو کی روک تھام کیلئے مہم کو مزید بڑھایا جا رہا ہے۔ ہر ایک ماہ کے بعد پولیو مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ صوبہ پنجاب کو جلد ہی پولیو فری بنا دیا جائے گا، اس کے علاوہ ڈینگی کی روک تھام کیلئے بھی سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔