آرمی چیف اور بل گیٹس کا ٹیلی فونک رابطہ، پاکستان میں کورونا صورتحال پر بات چیت

Published On 15 August,2020 10:05 am

راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور بل گیٹس کا ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں پاکستان میں کورونا صورتحال اور انسداد پولیو مہم کے دوبارہ آغاز پر بات چیت کی گئی۔ بل گیٹس نے انسداد پولیو مہم کے دوران پاک فوج کے تعاون کو سراہا۔

 ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق ٹیلی فونک گفتگو میں بل گیٹس نے قومی انسداد پولیو مہم میں پاک آرمی کے کلیدی کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ بچوں کی صحت کی بہتری کیلئے پولیو مہم میں پاکستان سے تعاون جاری رکھیں گے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پولیو سے پاک پاکستان کیلئے کاوشیں قومی فریضہ ہیں، انسداد پولیو کی کامیاب مہم کا سہرا موبائل ٹیمز، صحت عامہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سر ہے۔

کورونا وباء سے متعلق بل گیٹس کا کہنا تھا کہ گیٹس فاؤنڈیشن دنیا بھر میں وباء کیخلاف جنگ میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے، پاکستان کے محدود وسائل کے باوجود کورونا وباء کیخلاف کامیابی قابل ستائش ہے۔

آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے کہا کورونا وباء کیخلاف کامیابی مجموعی اور قومی ردعمل سے ممکن ہوئی، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے وسائل کے بہترین استعمال میں کلیدی کردار ادا کیا۔

 

Advertisement