لاہور: (ویب ڈیسک) عالمی وبا کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر میں تمام تر لوگوں نے ایک نیا طرز زندگی اپنا لیا ہے جس میں ماسک اور سینیٹائزر کو ایک اہم چیز تصور کیا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کورونا وبا سے بچنے کے لیے ماہرین صحت کی جانب سے لوگوں کو گھر سے باہر نکلتے وقت ماسک کا لازمی استعمال کرنے کی ہدایت دی جا رہی ہے۔
اب یہ ماسک ابلاغ کے دوران سب سے بڑی رکاوٹ سمجھا جا رہا ہے کیونکہ ماسک لگانے والے شخص کے چہرے کے تاثرات سمجھنا مشکل ہے۔
اس ہی مسئلے کو مدنظر رکھتے ہوئے حال ہی میں ایک ایسا ماسک تیار کیا گیا ہے جس کو لگانے کے بعد آپ وائرس سے محفوظ بھی رہیں گے اور یہ گفتگو کے دوران رکاوٹ بھی پیدا نہیں کرے گا۔
سی ایل آئی یو کے نام سے تیار کیا جانے والا یہ خاص ماسک ہونٹوں کے پاس سے ٹرانسپیرنٹ ہے یعنی جب کوئی بھی شخص یہ ماسک لگائے گا تو اس شخص کا منہ اور اس کے تاثرات صاف نظر آئیں گے۔
سوشل میڈیا پر اس ماسک کو خوب سراہا جا رہا ہے اور لوگوں کا ماننا ہے کہ اس ماسک کو استعمال کرنے کے بعد گفتگو کے دوران پیش آنے والی رکاوٹیں ختم ہو سکتی ہیں۔