لاہور(روزنامہ دنیا) صوبائی وزیرتعلیم سکولز مراد راس نے کہاہے سکول کھلنے کے بعد تمام کلاسز کو ایک ساتھ نہیں بلایا جائے گا،پہلے مرحلے میں پانچویں سے دسویں جماعت لگانے کی اجازت ہوگی،تمام طلبہ کو بھی ایک دن سکول بلانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
جو بچے ایک دن سکول آئیں گے ان کو دوسرے دن چھٹی ہوگی،25 اگست تک سکولوں سے بچوں کو سکول بلانے کا پلان مانگ لیا ہے ،نرسری سے چوتھی کلاس کے بچوں کو سکول بلانے کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہو ں نے نجی سکول چینز کے نمائندوں سے ملاقات کے دوران کیا، پاک ایوان تعلیم کے سربراہ قاضی نعیم اور سرونگ سکولز ایسوسی ایشن کے سربراہ رضا الرحمن نے کہا محکمہ سکول ایجوکیشن کو 25 اگست تک پلان جمع کروائیں گے ، ایس او پیز پر بھی عملدرآمد کیا جائے گا۔
اس سے پہلے محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر نے ایس او پیز کا نوٹیفکیشن جاری کیا جس میں واضح کیا گیا کہ ان ڈور گیمز، جھولے، سلائیڈز اور کھیلوں کی سرگرمیوں پر مکمل پابندی ہوگی۔
اس کے علاوہ تعلیمی اداروں میں سیمینار، تقریری مقابلے، کھیلوں کے مقابلے اور ٹورنامٹ منعقد کروانے پر بھی پابندی عائد رہے گی۔ نوٹیفیکیشن میں تعلیمی اداروں میں ماسک پہنا لازمی قرار دیا گیا ہے جبکہ مارننگ اسمبلی منعقد کروانے پر بھی پابندی عائد ہوگی۔
تعلیمی اداروں کی بسوں میں کل گنجائش کا 50 فیصد جبکہ ہاسٹلز کی سہولت کے لیے 30 فیصد گنجائش کو ہی استعمال کیا جائے گا۔ طالبعلموں اور سٹاف کو ہاتھ دھونے کا پابند کیا جائے گا۔ تمام تعلیمی ادارے صابن اور ہینڈ سینٹائزر کی دستیابی کو یقینی بنائیں گے۔
اعلامیے میں ہدایت دی گئی ہے کہ سانس کی تکلیف میں مبتلا طالبعلم اور سٹاف کو گھروں تک ہی محدود رکھیں۔ تعلیمی سرگرمیاں شروع کرنے کے 3 دن قبل اداروں کی جامع صفائی اور ڈس انفکیٹ کیا جائے جبکہ روزانہ کی بنیاد پر بھی یہ عمل دہرایا جائے۔
ہدایات کے تحٹ تعلیمی اداروں میں 6 فٹ کا سماجی فاصلہ لازمی رکھا جائے گا۔ طالبعلموں کے دوسرے ساتھیوں کے ساتھ ہاتھ ملانے پر پابندی ہوگی۔ سکول میں داخلے اور چھٹی کے وقت بھی سماجی فاصلہ لازمی کروایا جائے گا۔
اساتذہ تعلیمی اداروں میں لیکچر دیتے وقت سماجی فاصلہ اپنائیں گے۔ تعلیمی اداروں میں طالبعلموں اپنا دوپہر کا کھانا گھر سے لانے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ تمام بچوں کا تھرمل گن سے ٹمپریچر کو چیک کرنے اور الگ الگ ہیلتھ لاگ بک تیار کرنے کا کہا گیا ہے۔