کراچی: (دنیا نیوز) دنیا بھرمیں پنجے گاڑنے والی عالمی وبا کورونا کا زور توڑنے کیلئے ویکسین بنالی گئی، پاکستان میں بھی اس ویکسین کا تجرباتی آغاز کر دیا گیا۔ پانچ مراکز پر 10 ہزار مریضوں پر تجربات کیے جائیں گے۔
جان لیوا وبا کیلئے ویکسین کی تیاری میں پیشرفت، کراچی میں دوست ملک چین کی جانب سے دی گئی ویکسین کی آزمائش شروع ہوگئی۔ سربراہ شعبہ تحقیق انڈس ہسپتال ڈاکٹر نائلہ بیگ کا کہنا ہے کہ پاکستان میں شفا انٹرنیشنل اسلام آباد، شوکت خانم، یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور، انڈس ہسپتال اور آغا خان اسپتال کراچی میں ویکسین کی آزمائش ہو رہی ہے۔
ماہرین کے مطابق ویکسین کے اب تک کے نتائج حوصلہ افزاء ہیں۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ ویکسین کے ٹرائل اور پھر مارکیٹ میں دستیابی میں ایک سال لگ سکتا ہے۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 34 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 7 ہزار 55 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 49 ہزار 992 ہوگئی۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 808 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 8 ہزار 221، سندھ میں ایک لاکھ 52 ہزار 72، خیبر پختونخوا میں 41 ہزار 258، بلوچستان میں 16 ہزار 226، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 409، اسلام آباد میں 22 ہزار 765 جبکہ آزاد کشمیر میں 5 ہزار 41 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 48 لاکھ 10 ہزار 182 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 36 ہزار 686 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 3 لاکھ 20 ہزار 849 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ ایک ہزار 164 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 34 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 7 ہزار 55 ہوگئی۔ پنجاب میں 2 ہزار 438، سندھ میں 2 ہزار 704، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 302، اسلام آباد میں 248، بلوچستان میں 154، گلگت بلتستان میں 93 اور آزاد کشمیر میں 116 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔