پنجاب حکومت کی سخت ایس او پیز کے ساتھ شادی ہالز کو کھلے رکھنے کی سفارش

Published On 11 November,2020 02:45 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب حکومت نے سخت ایس او پیز کے ساتھ شادی ہالز کو کھلے رکھنے کی سفارش کر دی۔ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر مارکیٹوں اور بازاروں کو فوری بند کر دیا جائے گا۔

کورونا کا پھیلاؤ روکنے کے لئے پنجاب حکومت نے سخت اقدامات کا فیصلہ کرلیا۔ وزیر صنعت میاں اسلم اقبال اور وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد پر مشتمل کمیٹی نے سفارشات تیار کیں۔ سفارشات کے مطابق شادی ہال میں تقریبات کا وقت 2 گھنٹے مقرر کیا گیا جبکہ 10 بجے ہال بند ہوجائیں گے۔

سفارشات میں کہا گیا کہ ون ڈش کی پابندی کے ساتھ ڈسپوزایبل کھانا دیا جائے گا۔ شادی ہال میں گنجائش سے 50 فیصد تک مہمان آنے کی اجازت ہوگی۔ انتظامیہ اور شادی والے گھرانے کے افراد ماسک پر عمل کروانے کے پابند ہوں گے۔ شادی ہالز اور مارکیوں میں وینٹی لیشن سسٹم کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔ مارکیٹوں اور بازاروں میں ماسک کے حوالے سے سخت مانیٹرنگ ہوگی۔

صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے لاہورکی تمام تاجر تنظیموں کا اجلاس طلب کرلیا۔ تاجر تنظیموں کو سختی سے ماسک کی پابندی کروانے کا پابند کیا جائے گا۔ وزیر صنعت کی سربراہی میں کمیٹی مارکیٹوں کا اچانک دورہ کر کے ایس اوپیز پر عملدرآمد کا جائزہ لےگی، خلاف ورزی پر بازار اور مارکیٹیں فوری بند کر دی جائیں گی۔

صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال کا کہنا ہے کہ سفارشات این سی او سی کے اجلاس میں پیش کی جائیں گی، ضلعی سطح پر قائم کمیٹیاں کورونا ایس او پیز پر عملد رآمد مانیٹر کریں گی۔ کمیٹیوں کی رپورٹ پر ضلعی انتظامیہ خلاف ورزی کرنے والے شعبوں کے خلاف اقدامات کرے گی۔
 

Advertisement