کورونا کی دوسری لہرمیں تیزی، پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے 5 اضلاع حساس قرار

Published On 12 November,2020 10:25 am

پشاور: (دنیا نیوز) کورونا وائرس کی دوسری لہرمیں تیزی آگئی۔ پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے 5 اضلاع حساس قرار دے دیئے گئے، صوبے کے 90 مقامات پر مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن لگانے کی سفارش کر دی گئی۔

پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے ضلع ایبٹ آباد، اپر چترال، لوئر چترال اور مانسہرہ کو کورونا وائرس کے حوالے سے حساس ترین قرار دیا گیا ہے، پانچوں اضلاع میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے باعث 90 مقامات پر سمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا۔ پشاور کے 6 مقامات میں سمارٹ لاک ڈائون نافذ کیا گیا ہے۔ وائرس کے باعث 4 ماہ بعد ایک ہی دن میں 4 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 34 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 7 ہزار 55 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 49 ہزار 992 ہوگئی۔

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 808 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 8 ہزار 221، سندھ میں ایک لاکھ 52 ہزار 72، خیبر پختونخوا میں 41 ہزار 258، بلوچستان میں 16 ہزار 226، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 409، اسلام آباد میں 22 ہزار 765 جبکہ آزاد کشمیر میں 5 ہزار 41 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ملک بھر میں اب تک 48 لاکھ 10 ہزار 182 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 36 ہزار 686 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 3 لاکھ 20 ہزار 849 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ ایک ہزار 164 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 34 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 7 ہزار 55 ہوگئی۔ پنجاب میں 2 ہزار 438، سندھ میں 2 ہزار 704، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 302، اسلام آباد میں 248، بلوچستان میں 154، گلگت بلتستان میں 93 اور آزاد کشمیر میں 116 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
 

Advertisement