لاس اینجلس: (روزنامہ دنیا) امریکی طبّی ماہرین نے دریافت کیا ہے کہ روزانہ صرف ایک پاؤ (252 گرام) انگور یا کشمش کھانے سے جسم میں مضر کولیسٹرول کم ہوجاتا ہے۔
یہ بات انہوں نے 20 صحت مند رضاکاروں پر محدود پیمانے کے آزمائشی مطالعے کے بعد دریافت کی ہے جو 8 ہفتے تک جاری رہا۔ مطالعہ یونیورسٹی آف کیلی فورنیا لاس اینجلس میں ڈاکٹر ژاؤپنگ اور ان کے ساتھیوں نے انجام دیا ہے۔
جائزے کے بعد معلوم ہوا کہ چار ہفتوں تک خشک انگور کا 46 گرام سفوف روزانہ استعمال کرنے کے بعد رضاکاروں میں کولیسٹرول کی مجموعی مقدار 6.1 فیصد کم ہوگئی تھی جبکہ مضرِ صحت کولیسٹرول 5.9 فیصد کم ہوا تھا۔
ان کے پیٹ میں نقصان دہ جرثومے کم ہوئے تھے جبکہ صحت بخش جراثیم کی تعداد میں اضافہ ہوا تھا جو بلا شبہ ایک اچھی خبر تھی۔ تحقیق کی تفصیلات آن لائن ریسرچ جرنل ‘‘نیوٹریئنٹس’’ میں شائع ہوئی ہیں۔