وزیراعظم کی موجودگی میں یونیورسل ہیلتھ کوریج کے معاہدے طے

Published On 29 December,2021 06:18 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز)وزیراعظم عمران خان کی موجودگی میں یونیورسل ہیلتھ کوریج کے معاہدے طے پاگئے ہیں۔

صحت سہولت پروگرام کے معاہدے وفاقی حکومت،پنجاب اور اسٹیٹ لائف انشورنس کے درمیان ہوئے، یونیورسل ہیلتھ کوریج کے نفاذ کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دو حکومتوں ،متعلقہ اداروں کی جانب سے دستخط کیے گئے ہیں۔

معاہدے پر دستخط کے موقع پر معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان، وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد اور اعلیٰ حکام موجود تھے ،سیکرٹری قومی صحت عامر اشرف خواجہ، پنجاب ہیلتھ انیشیٹوز مینجمنٹ کمپنی کے سی ای او علی رزاق نے دستخط کئے ۔

ایم ایل او یو پر چیئرمین اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن آف پاکستان شعیب جاوید حسین نے بھی دستخط کیے ،وزیراعظم عمران خان نے رواں سال 13 دسمبرکو دورہ لاہور کے دوران پنجاب میں صحت سہولت پروگرام کا اعلان کیا تھا ۔

اسکیم کے تحت پنجاب کے تمام شہریوں کو ہسپتال میں داخل ہونے کی صورت میں مفت علاج ملے گا ،سوشل ہیلتھ پروٹیکشن اقدام کے تحت ہرخاندان کو سالانہ 10 لاکھ کی ہیلتھ انشورنس مفت فراہم کی جائے گی ،صحت کارڈز سے اوپن ہارٹ سرجری،انجیوپلاسٹی ،کینسر کا داخل ہوکر علاج مفت ممکن ہوگا ۔

نیورو سرجری، جلنے اور حادثے کی صورت میں یا ڈائیلاسز کے لئے ہیلتھ کارڈ پر مفت علاج ہوگا، انتہائی نگہداشت، ڈیلیوری، زچگی آپریشن اور گردے کی پیوند کاری اور دیگر علاج مفت ہوگا جبکہ پاکستانی ہسپتال سے مفت علاج کے لیےبین الصوبائی، بین الاضلاعی پورٹیبلٹی کی سہولت موجود ہے۔
 

Advertisement