ٹیکس چھوٹ ختم، کورونا کیلئے استعمال ہونیوالی سرجیکل آئٹمز 70فیصد تک مہنگی

ٹیکس چھوٹ ختم، کورونا کیلئے استعمال ہونیوالی سرجیکل آئٹمز 70فیصد تک مہنگی

وفاقی حکومت نے ٹیکسز میں دی جانے والی چھوٹ ختم کردی جس کے باعث برآمد کی جانے والی سرجیکل آئٹمز کو خریدنے کے لیے کمپنیوں کو 65 سے 70فیصد تک ٹیکسز ادا کرنا ہوں گے۔

61 کے قریب سرجیکل آئٹمز پر حکومت نے ٹیکس چھوٹ دے رکھی تھی جس کے ختم ہونے کے بعد مہنگی اشیاء کی برآمد کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، جن سرجیکل ائٹمز پر چھوٹ ختم کی گئی ان میں این نائٹی اور سرجیکل ماسک بھی شامل ہیں، اس کے علاوہ مہنگی ہونے والی امپورٹڈ اشیاء میں پی سی آر کٹس، سرنج انفورڈ پمپ ، آٹو سرنج، ایکسرے موبائل مشین اور الٹراساؤنڈ مشین، الیکڑک سکشن مشین ،فیس شیلڈ سرجیکل دستانے، سٹومک ٹیوب، آئی وی کینولا اور ای سی جی مشین ، ڈسپوزیبل شوز کور، آئی ٹی ٹی ٹیوب اور ایمبو بیگ بھی مہنگے ہوگئے۔

یاد رہے ایمبو بیگ کو ہاتھ کا وینٹی لیٹر تصور کیا جاتا ہے اور پبلک ہسپتالوں کی ایمرجنسی کے 20 فیصد لوگوں کو ایمبوبیگ سے مصنوعی سانس دی جاتی ہے۔

پاکستان ڈرگ لائرز فورم کے صدر نور مہر کا کہنا ہے کہ اگر حکومت کی جانب سے ٹیکس چھوٹ کے نوٹیفکیشن میں دوبارہ توسیع نہ دی گئی تو پاکستانی عوام کے لیے سرجیکل آلات خریدنا مشکل ہوں گے۔