اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ ہیلتھ کیمپس میں ٹائیفائڈ، جلد کی بیماریوں اور نمونیا سمیت متعدد بیماریوں کا علاج جاری ہے، صوبائی حکومت کے ساتھ ملکر عملی اقدامات کیلئے کوشاں ہیں۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کیلئے عملی اقدامات جاری ہیں، سیلاب متاثرین کیلئے صحت کی سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے، خیبرپختونخوا، سندھ، بلوچستان اور پنجاب میں 48 ہیلتھ کیمپس کا انعقاد کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کے 8 اضلاع میں 16 ہیلتھ کیمپس لگائے گئے، پنجاب کے دو اضلاع میں 4، بلوچستان کے 7 اضلاع میں 14، سندھ کے 10 اضلاع میں 14 ہیلتھ کیمپس کا انعقاد کیا گیا جبکہ مجموعی طور پر 5 ہزار 602 مریضوں کو طبی امداد فراہم کی گئی، کیمپس میں پانچ سال سے کم عمر 1281 بچوں کو طبی امداد دی گئی۔
عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ ہیلتھ کیمپس میں 470 بچوں کو پولیو کے حفاظتی قطرے دئے گئے، 196 بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگائے گئے، پنجاب میں 787، سندھ میں 5030 جبکہ بلوچستان میں 4389 مریضوں کو طبی امداد دی گئی۔