لاہور: (ویب ڈیسک) عالمی ادارہ برائے صحت (ڈبلیو ایچ او ) کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دل، کینسر اور شوگر جیسی غیر متعدی بیماریاں عالمی سطح پر 74 فیصد اموات کا سبب ہیں۔
اقوام متحدہ کے ادارہ برائے صحت (ڈبلیو ایچ او) کی رپورٹ کے مطابق 4 کروڑ سے زیادہ افراد غیر متعدی بیماریوں سے مرتے ہیں جن میں 70 سال سے کم عمر کے ایک کروڑ 70 لاکھ افراد بھی شامل ہیں۔
ڈبلیو ایچ او نے کہا ہے کہ تمباکو اور الکوحل انسان کی جان کے دشمن ہیں، دنیا بھر میں ہر دو سیکنڈ کے دوران 70 سال سے کم عمر شخص غیر متعدی امراض سے مر رہا ہے۔
عالمی ادارہ صحت نے خبر دار کیا ہے کہ طرز زندگی کے باعث پیدا ہونے والی غیر متعدی بیماریاں ترقی یافتہ ممالک کیلئے اتنا بڑا مسئلہ نہیں ہیں تاہم انتہائی غریب، کم اور متوسط آمدنی والے ممالک کیلئے یہ ایک اہم مسئلہ ہے۔ جس پر قابو پانے کیلئے غیر صحت مند ماحول اور غیر معیاری طرز زندگی کے خاتمہ کیلئے اقدامات کی اشد ضرورت ہے۔
ڈبلیو ایچ او نے کہا ہے کہ ناموافق ماحول موٹاپا، کینسر، شوگر اور دل کے امراض کے بنیادی اسباب میں شامل ہے۔