اُپسالا: (ویب ڈیسک) سوئیڈن کی اُپسالا یونیورسٹی میں کی جانے والی ایک تحقیق کے مطابق وزنی کمبل اوڑھ کر سونے سے نیند پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
تحقیق میں معلوم ہوا ہے کہ وزنی کمبل اوڑھ کر سونے والے لوگوں میں عام کمبل اوڑھنے والوں کی نسبت میلاٹونِن کی سطح 30 فیصد سے زیادہ تھی۔ میلاٹونِن وہ ہارمون ہے جو دماغ کے جانب سے قدرتی طور پر ہر رات خارج کیا جاتا ہے تاکہ کسی بھی شخص کو تھکا ہوا محسوس کرا سکے جو گہری نیند کا مؤجب بنتا ہے۔
محققین کی جانب سے 26 افراد کا 2 راتوں تک معائنہ کیا گیا جس میں ایک رات میں شرکاء وزنی کمبل اوڑھ کر سوئے جبکہ دوسری رات میں شرکاء کو معمول کی چادر اوڑھ کر سونے کا کہا گیا۔ جرنل آف سلِیپ ریسرچ میں شائع ہونے والی تحقیق میں استعمال کیے جانے والے کمبلوں کے وزن کا موازنہ شرکاء کے وزن سے کیا گیا۔ کمبلوں کا وزن شرکاء کے وزن کا 12.2 فی صد تھا جبکہ معمول کی چادروں کا وزن 2.2 فیصد تھا۔
تحقیق کا حصہ بننے والے افراد رات 10 بجے کے قریب سو گئے اور 11 بجے تک ہر 20 منٹ کے وقفے سے ان کے لعاب کا نمونہ لیا گیا۔ نتائج میں معلوم ہوا کہ گھنٹے کے آخر میں وزنی کمبل اوڑھ کر سونے والوں میں میلاٹونِن کی پیداوار 32 فیصد زیادہ ہوئی تھی۔