گوادر: (دنیا نیوز) گوادر اور گردونواح میں بارش کے بعد وبائی امراض پھوٹنے لگے، گوادر سربندن کے سپتالوں میں ڈائریا اور نمونیہ کے مریضوں کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے۔
گوادر اور اس کے ملحقہ علاقوں میں حالیہ موسلادھار بارشوں کے بعد ایک طرف بعض متاثرہ علاقوں میں پانی کی نکاسی نہیں ہو سکی جس کے باعث شہر میں ڈائریا اور نمونیہ سمیت مختلف امراض پھیلنے لگے۔
محکمہ صحت حکام کا کہنا ہے کہ بارشوں کے بعد سیوریج کے نامناسب نظام کے باعث برساتی اور نالے کے پانی نے اکثر مقامات پر واٹر سپلائی کی لائنوں کو متاثر کیا ہے جب کہ آلودہ پانی کے استعمال سے امراض کے پھیلاؤ کا سبب بن رہے ہیں۔
گوادر میں پہلے سے ہی صحت کی سہولیات کا فقدان ہے، سیلابی صورتحال کے بعد پاک آرمی اور پاک بحریہ کے ساتھ ساتھ جی ڈی اے انڈس ہسپتال انتظامیہ نے 7 مختلف ٹیمیں تشکیل دے کر متاثرین کی سہولت کے لیے گوادر سربندن کے مختلف علاقوں میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔
طبی ماہرین اور شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے صحت کے حوالے سے مؤثر اقدامات نہ کیے گئے تو بارشوں سے شدید متاثرہ ضلع گوادر میں بڑے پیمانے پر وبائی امراض پھیلنے کا خدشہ ہے۔