خاران: (دنیا نیوز) شہر کُلان میں بارش کے سبب گھر کی چھت گرنے سے ایک شخص دو بچوں سمیت جاں بحق ہو گیا۔
ذرائع کے مطابق لاشوں کو لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت ملبے تلے سے نکالا، خاران شہر اور گرد و نواح میں گزشتہ رات سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، بارش سے خاران کے تمام ندی نالوں میں پانی کا بہاؤ تیز ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سندھ میں طوفانی بارش، وزیراعلیٰ ہاؤس میں رین ایمرجنسی سیل قائم
پورے شہر میں بارش کا پانی جمع ہونے سے نظام زندگی شدید متاثر ہے، بارش کا پانی لوگوں کے گھروں میں داخل ہونا شروع ہو گیا ہے۔
کئی جگہوں پر لوگ اپنی مدد آپ کے تحت گھروں اور گلیوں سے پانی نکالتے رہے ہیں، کمشنر رخشان اور ڈپٹی کمشنر خاران سمیت تمام متعلقہ محکمے الرٹ ہو گئے ہیں۔
گوادر مزید تباہ
دوسری جانب بارش کے دوسرے سپیل نے ڈوبے ہوئے گوادر کو مزید ڈبو دیا، دو گھنٹے تیز ہوا اور گھن گرج کے ساتھ ہونے والی بارش نے تباہ حال گوادر کو مزید تباہ کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں: طوفانی بارشیں: گوادر کو آفت زدہ قراردے دیا گیا
بارش کا پانی نشیبی علاقوں میں مقیم لوگوں کے گھروں میں داخل ہو گیا، بارش سے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا، بارش سے سید ہاشمی ایونیو، جناح ایونیو، میرین ڈرائیو ندی نالوں میں تبدیل ہوگئے۔
طوفانی بارش کے باعث ریسکو اور نکاسی آب کا کام بھی متاثر ہو گیا، کئی مکانات منہدم ہو گئے، جس کے باعث لوگوں نے نقل مکانی شروع کر دی ہے۔
سبی بھی بارش کی لپیٹ میں
سبی اور گرد و نواح میں 14 گھنٹے سے بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، سبی دریائے ناڑی، دریائے تلی اور دوسرے ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے، محکمہ ایریگیشن کے مطابق عملہ الرٹ کر دیا گیا ہے۔
چاغی کے ندی نالوں طغیانی
دالبندین سمیت ڈسٹرکٹ چاغی کے مختلف علاقوں میں تیز بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، وقفے وقفے سےجاری بارش کی وجہ سے ندی نالوں میں طغیانی اور موسم مزید سرد ہونے کا خدشہ ہے۔
میونسپل کمیٹی دالبندین کے مطابق نشیبی علاقوں اور گلی کوچوں سے پانی نکالنے کی کوششیں جاری ہیں۔