اسلام آباد: (دنیا نیوز) رواں ہفتے ملک میں گرمی کی لہر میں کمی کا امکان جبکہ 26 جون سے یکم جولائی کے دوران ملک میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 26 جون سے یکم جولائی کے دوران سندھ میں عمرکوٹ، میرپور خاص اور کراچی میں تیز گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر موسلادھار بارش کی توقع ہے۔
27 جون سے یکم جولائی کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، جہلم، چکوال میں تیز ہوا اور گرج چمک کے ساتھ بارش جب کہ کئی مقامات پر موسلادھار بارش کی توقع ہے، 26 جون سے 30 جون کے دوران بہاولپور، لودھراں، مظفرگڑھ میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 28 جون سے یکم جولائی تک گلگت بلتستان کشمیر میں تیز ہوا گرج چمک کے ساتھ بارش ہو گی، کشمیر میں چند مقامات پر موسلادھار بارش کی توقع ہے۔
28 جون سے یکم جولائی کے دوران کے پی کے، چترال، سوات، مانسہرہ، ایبٹ آباد میں گرج چمک کے ساتھ سے بارش ہو سکتی ہے، 26 جون سے 28 جون کے دوران لسبیلہ، خضدار میں تیز ہوا اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 28 سے 30 جون تک تیز بارش کے بعد اسلام آباد، راولپنڈی، نارووال میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے، آندھی چلنے کے باعث روز مرہ کے معمولات متاثر ہونے، کمزور انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے، محکمہ موسمیات نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔