کراچی، حیدر آباد میں تیز بارش، شمالی علاقوں میں برفباری شروع، پروازیں منسوخ

Published On 01 March,2024 05:56 pm

کراچی، حیدر آباد، ایبٹ آباد: (دنیا نیوز) کراچی ، حیدر آباد میں تیز بارش جبکہ شمالی علاقوں میں برفباری جاری ہے، خراب موسم کے باعث سیاحوں کو شدید مشکلات کا سامنا، پروازیں بھی متاثر ہو گئیں۔

شہر قائد میں پی ای سی ایچ ایس، شاہراہ فیصل، خدادا کالونی، سکیم 33، گلشن اقبال، صفورہ، یونیورسٹی روڈ پر بارش جاری ہے۔

کراچی کے مختلف علاقوں ایئرپورٹ، ملیر صدر، سرجانی ٹاؤن، فیڈرل بی ایریا، سعدی ٹاؤن اور اطراف میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونا شروع ہو گیا۔

حیدر آباد میں ہنگامی اجلاس

حیدرآباد شہر کے مختلف علاقوں میں ایک بار پھر بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا، بارش کے باعث متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی، شہر میں تیز بارش شروع ہونے کے بعد کمشنر حیدرآباد ریجن اور میئر حیدرآباد کا ہنگامی اجلاس ہوا۔

اجلاس میں کمشنر خالد حیدر شاہ، میئر کاشف شورو، واسا حکام، ریسکیو اور حیسکو افسران نے شرکت کی، اجلاس میں رین ایمرجنسی سروسز سے وابستہ دیگر افسران بھی موجود تھے، اجلاس میں بارش کے بعد کی صورتحال پر ہنگامی اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

میئر کاشف شورو نے افسروں کو ہدایت کی کہ تمام ادارے اور عملہ فیلڈ میں موجود رہے، نکاسی آب کے عمل کو فوری یقینی بنایا جائے، بارش کے دوران شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی نہ ہونے دی جائے۔

شمالی علاقوں میں برفباری

گلیات کی بالائی چوٹیوں پر برفباری کا سلسلہ بدستور جاری ہے، ایوبیہ، نتھیا گلی، ڈونگا گلی اور چھانگلہ گلی میں برفباری جبکہ باڑیاں، خیرا گلی اور مری میں بارش، سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔

سیاحوں کی بڑی تعداد برفباری دیکھنے گلیات پہنچ گئی، سڑکوں پر پھسلن کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے۔

برف باری کے باعث سیاحوں کی گاڑیاں پھنس گئیں، نتھیا گلی سے مری جانیوالی شاہراہ بند ہونے کے باعث سیاحوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ بحالی کا کام جاری ہے جلد راستے کلیئر کر لیں گے۔

پاک فوج کا ریسکیو مشن

لواری ٹنل ، کالام اور مالم جبہ کے گردونواح میں شدید برفباری ہوئی، پاک فوج کی جانب سے برف میں پھنسے مسافروں کے لیے ریسکیو مشن کیا گیا، قریبی آرمی کیمپس سے کھانے پینے کی اشیا اور ادویات مہیا کرنے کے ساتھ ساتھ بند سڑکوں کو فعال کیا جا رہا ہے۔

شدید برفباری سے مختلف رابطہ سڑکیں بند ہو گئیں، پاک فوج نے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ہنگامی بنیادوں پر کام شروع کیا اور بھاری مشینری کی تعیناتی سے تمام سڑکوں سے برف ہٹائی جا رہی ہے۔

برف میں پھنسے مسافروں کو قریبی آرمی کیمپس سے کھانے پینے کی اشیا اور ادویات مہیا کی جا رہی ہیں، لواری ٹنل اور مالم جبہ میں ہنگامی بنیادوں پر ریسکیو کام جاری ہے اور آمدورفت کو بحال کیا جا رہا ہے۔

پاک فوج کی جانب سے گزشتہ رات سے سڑکوں سے برف ہٹانے کا کام جاری ہے، پاک فوج کی جانب سے شدید برف باری سے متاثرہ تمام سڑکوں پر آمدو رفت کی مکمل بحالی تک کام جاری رہے گا۔

پروازیں منسوخ

موسمی خرابی سے پی آئی اے کی 12 پروازیں منسوخ ہو گئیں، کراچی سے گوادر کے مابین پی آئی اے کی پرواز پی کے 503، 504 اور کراچی سکھر کی پروازیں پی کے536 ،537 بھی منسوخ کر دی گئی ہیں۔

فلائٹ شیڈول کے مطابق اسلام آباد گلگت کی 4 پروازیں پی کے 601، 602، 605، 606 اور اسلام آباد سکردو کی پی آئی اے کی پروازیں پی کے 6451، 6452 منسوخ کر دی گئی ہیں۔

ایئر پورٹ ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی اسلام آباد سکھر کی شیڈول پروازیں پی کے 631، 632 بھی منسوخ ہو گئیں، کراچی سے اسلام آباد کی پی کے 308 فلائٹ 4 گھنٹے تاخیر سے رات 8 بجے شیڈول کر دی گئی۔