سندھ میں طوفانی بارش، وزیراعلیٰ ہاؤس میں رین ایمرجنسی سیل قائم

Published On 29 February,2024 07:45 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ میں آندھی، جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ برسات کے امکان کے پیش نظر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی ہدایت پر وزیراعلیٰ ہاؤس میں رین ایمرجنسی سیل قائم کر دیا گیا۔

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے مطابق شکایتی سیل 29 فروری تا 3 مارچ امکانی برسات کے پیش نظر 24 گھنٹے کام کرے گا، رین ایمرجنسی سیل کی سربراہی چیف منسٹر پبلک کمپلینٹ سیل 919 کےسربراہ ریاض وسان کریں گے۔

مراد علی شاہ کے مطابق ایمرجنسی سیل کا کام متاثرہ اضلاع کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز سے فوری رابطہ قائم کرنا ہے، تمام ڈی سیز روزانہ کی بنیاد پر 24 گھنٹے رپورٹ جمع کرانے کے پابند ہوں گے، رپورٹ کا مقصد فوراً پرنسپل سیکرٹری کے ذریعے وزیراعلیٰ سندھ تک معلومات کی رسائی یقینی بنانا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شہر قائد میں جمعہ کی صبح سے ہفتے کی درمیانی شب تک بارش کا امکان

وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکرٹری نے رین ایمرجنسی سے متعلق اعلامیہ جاری کر دیا، سیکشن آفیسرز اپنے متعلقہ عملے کے ساتھ ایمرجنسی سیل میں ڈیوٹی دیں گے، ڈپٹی سیکرٹری قاسم اکبر نیمائی کی نگرانی میں عملہ اپنی ڈیوٹی دو شفٹوں میں سر انجام دے گا۔

اعلامیہ کے مطابق افسران اپنے دفاتر میں عملے کے ساتھ ڈیوٹی اوقات کے دوران موجود رہیں، سندھ کے مختلف اضلاع میں امکانی برسات سے متعلق محکمہ موسمیات نے ایڈوائزری جاری کی ہے۔

بلوچستان میں بارشوں و سیلاب کے پیش نظر وزیراعلیٰ سندھ نے صوبے بھر میں تمام پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایت کر دی، مراد علی شاہ نے کہا کہ پیشگی اقدامات کا مقصد جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کی ہے کہ بارشوں کے پیش نظر رین ایمرجنسی سینٹر مخدوش و خطرناک قرار عمارتوں کے مکینوں کو انتباہ جاری کرے۔

جامعہ کراچی کے امتحانات ملتوی

بارش کی پیشگوئی کے پیش نظر جامعہ کراچی میں یکم مارچ کو ہونے والے امتحانات ملتوی کر دیئے گئے، ناظم امتحانات جامعہ کراچی کے مطابق ملتوی ہونے والے امتحانات اب 7 مارچ 2024ء کو منعقد ہوں گے۔

سجاول میں ریجن ایمرجنسی نافذ

موسمیات کی جانب سے شدید بارشوں کی پیشگوئی پر ڈپٹی کمشنر سجاول نے رین ایمرجنسی نافذ کر دی۔

ڈپٹی کمشنر سجاول نے کہا ہے کہ ضلع کے تمام محکموں کے افسران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ڈیوٹی پر موجود رہیں، رین ایمرجنسی کے کلیئرنس تک ہیڈ کوارٹرز نہ چھوڑیں۔

حیدر آباد میں ہنگامی اقدامات

محکمہ موسمیات کی جانب سے بارش اور طوفان کی پیش گوئی کے بعد بلدیہ اعلیٰ حیدرآباد نے ہنگامی اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کر لیا، میونسپل کمشنر حیدرآباد ظہور لکھن نے بلدیہ کے تمام افسران و شعبہ جات کو الرٹ کرنے کے لیے خط لکھ دیا۔

میونسپل کمشنر نے ہدایت کی کہ ڈائریکٹر ٹیکس فوری بڑے سائز والے سائن بورڈ ہٹوا دیں، ڈائریکٹر ہیلتھ تمام ضروری اقدامات اٹھائیں اور انتظامات کریں، ایکسیئن ایم اینڈ ای پانی کی نکاسی کے حوالے سے انتظامات یقینی بنائیں۔

ظہور لکھن نے کہا کہ تسلسل کے ساتھ انتظامات کی مانیٹرنگ کی جائے اور دیگر اداروں سے روابط کو قائم رکھا جائے، کسی بھی افسر کی کوتاہی کی صورتحال میں اس کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی ہوگی۔

قلات میں بارش کا سلسلہ جاری

قلات میں رات 12 بجے سے شروع ہونے والی موسلادھار بارش کا سلسلہ ابھی تک جاری ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق رات بارہ بجے سے اب تک 38 ملی لیٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے، بارش کا یہ سلسلہ کل صبح تک جاری رہنے کا امکان ہے۔