مظفر آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم آزاد کشمیر چودھری انوارالحق کے زیرصدارت آزاد جموں و کشمیر میڈیکل کالجز کی گورننگ باڈی کا اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔
سپیشل سیکرٹری ہیلتھ راشد حنیف نے شرکاء کو آزاد جموں و کشمیر میڈیکل کالجز کے بجٹ، فیکلٹی کی کمی اور امور پر تفصیلی بریفنگ دی، آزاد کشمیر کے تینوں میڈیکل کالجز مظفرآباد، راولاکوٹ اور میرپور کے مالی سال 2023.24 کے بجٹ کی منظوری دیدی گئی۔
مظفرآباد میڈیکل کالج کے لئے 243.249 ملین روپے، میرپور میڈیکل کالج کیلئے 243.616 ملین روپے اور پونچھ میڈیکل کالج کے لئے 230.469 ملین روپے کے بجٹ کی منظوری دے دی گئی۔
اس موقع پر میڈیکل کالجز میں پروفیسرز اور اسسٹنٹ پروفیسرز کی تعیناتیوں کی بھی منظوری دیدی گئی۔
وزیر اعظم آزاد کشمیر چودھری انوار الحق نے کہا کہ کوالٹی آف ایجوکیشن پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، سٹاف کی کمی کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ میڈیکل کالجز سے فارغ ہونے والے بچے ہمارا مستقبل ہیں، حکومت میڈیکل کالجز کو تمام بنیادی وسائل مہیا کرے گی۔