کوئٹہ :(ویب ڈیسک ) بلوچستان میں کانگو کا ایک اور کیس سامنے آگیا۔
بلوچستان کے محکمہ صحت کے حکام نے بتایا ہے کہ کوئٹہ کے ہزارہ ٹاؤن کے رہائشی تیس سالہ روح اللہ میں کانگو وائرس کی تصدیق ہوگئی، متاثرہ مریض کو آئیسولیشن وارڈ منتقل کردیا گیا تاکہ یہ وائرس دوسروں تک نہ پھیلے، روح اللہ کو فاطمہ جناح ہسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔
بلوچستان کے محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ کانگو وائرس کے حوالے سے عوام کو حقائق سے آگاہ بھی کیا جارہا ہے تاکہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
محکمہ صحت اس وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے اقدامات بھی کر رہا ہے، سرکاری ہسپتالوں میں متعلقہ وارڈز کو بھی تیاری کی حالت میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے، اس حوالے سے ایڈوائزری بھی جاری کردی گئی ہے اور ڈاکٹرز کے ساتھ ساتھ پیرا میڈکس کو بھی مطلع کیا جاچکا ہے۔
واضح رہے بلوچستان میں رواں برس کانگو وائرس کے کیسز کی تعداد 27 ہوگئی ہے جبکہ کانگو وائرس سے 5 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔