کوئٹہ : (دنیانیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ یوم دفاع اس عہد کی تجدید ہے کہ ہم اپنے عظیم شہداءکی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دینگے۔
یوم دفاع کے موقع پر پیغام میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ 6 ستمبر اجتماعی قومی جذبہ اور عزم کو ہمیشہ قائم رکھنے کا درس دیتا ہے، 6 ستمبر 1965 کو ہماری افواج نے دشمن کے قدم اکھاڑ دئیے اور مادر وطن کے دفاع کے لئے سیسہ پلائی دیوار بن گئے۔
وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ قیام پاکستان سے لے کر آج تک ہماری بہادر افواج نے ملک اور قوم کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں، پاک فوج نے ملک کو ہمیشہ دشمن کی میلی نگاہوں سے محفوظ بنایا ہے ، ہمیشہ اپنے ملک کی دفاع ترقی سالمیت اور استحکام کے لیے اجتماعی طور پر بحیثیت محب وطن پاکستانی اپنا کردار ادا کرینگے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کے قیام اور تخریب کار عناصر کے خلاف عوام ہمیشہ اپنی بہادر افواج اور دیگر سکیورٹی اداروں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر ان کے مضبوط بازو بنے ہیں، بلوچستان میں دہشت گردی اور انتشار پھیلانے والوں کے ساتھ کوئی رعایت برتی نہیں جائے گی۔
ان کاکہنا تھا کہ صوبائی حکومت اپنے سکیورٹی اداروں کے تعاون سے اپنی سرزمین کے ایک ایک انچ کا دفاع کرے گی ، صوبے میں تخریب کاری ، انتشار اور دہشت گردی پھیلانے والوں کو انکے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔
وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے یوم دفاع کے موقع پر وطن عزیز کے تمام شہداءکو خراج عقیدت پیش کیا ۔