کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین وسابق وزیرخارجہ بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ مسلح افواج کی جرات اور قربانیاں قوم کیلئے فخر اور حوصلے کا باعث ہیں۔
یومِ دفاع کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ملک کے دفاع کیلئے اپنی جانیں نچھاور کرنے والے بہادر جوانوں کو سلام پیش کرتا ہوں، آج کا دن قوم کو ایک بار پھر اس جذبۂ استقامت اور حب الوطنی کی یاد دلاتا ہے جو ہمیں یکجا کرتا ہے، ہماری مسلح افواج نے ہمیشہ چیلنجز کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری افواج نے سرحدوں کی حفاظت کی اور ہماری خودمختاری کو برقرار رکھا ہے، ہمارے شہداء اور غازیوں کی قربانیاں قوم کے دلوں میں نقش ہیں، وطن کے لیے ہماری افواج کی غیر متزلزل وابستگی ہر پاکستانی کے لیے قابل فخر ہے، پاکستان کی سلامتی و استحکام کا انحصار نہ صرف افواج کی طاقت پر ہے بلکہ عوام کی یکجہتی پر بھی ہے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ عوام اور افواج کے درمیان یکجہتی ہی ہمیں ناقابلِ تسخیر بناتی ہے، قوم مِل جُل کر پاکستان کی خوشحالی اور دفاع کے لیے کام جاری رکھے۔
انہوں نے کہا کہ یومِ دفاع کے موقع پر قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کو بھی خراجِ عقیدت پیش کرتا ہوں جنہوں نے جوہری پروگرام کی بنیاد رکھی اور آنے والی نسلوں کے لیے ملک کی دفاعی صلاحیتوں کو یقینی بنایا، دفاعی ٹیکنالوجی میں ترقی کے لیے بیلسٹک میزائل ٹیکنالوجی کا تحفہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی بصیرت کا نتیجہ ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی دوراندیشی آج بھی ملک کی خودمختاری کی حفاظت کر رہی ہے، ہم مسلح افواج اور ان کے خاندانوں کی فلاح و بہبود کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں، ہم سب مِل کر قومی اتحاد اور ملک کے دفاع و ترقی کے لیے مسلسل محنت کریں گے۔
سینیٹر شیری رحمان
پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے یوم دفاع پر اپنے پیغام میں کہا کہ شہدائے وطن، غازیوں اور پاک افواج کو سلام پیش کرتی ہوں جنہوں نے مادرِ وطن کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے، ان کی بے مثال بہادری، قربانی اور وطن سے محبت کو ہمیشہ سنہری الفاظ میں لکھا جائے گا۔
شیری رحمان کا کہنا تھا کہ آج پوری قوم شہدائے وطن، غازیوں اور اپنی مسلح افواج کے عزم اور قوت کو سلام پیش کرتی ہے، ہماری بہادر افواج ہمیشہ وطن کی سلامتی اور خودمختاری کی حفاظت میں پیش پیش رہتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کا دفاع صرف وردی میں ملبوس افراد کی ذمہ داری نہیں بلکہ یہ ہر پاکستانی کا مشترکہ فرض ہے، بطور ایک قوم آج عہد کریں کہ اپنی پیاری سرزمین کی ہمیشہ حفاظت کریں گے، پاکستان زندہ باد۔