کوئٹہ :(دنیا نیوز) بلوچستان میں کانگو کے وار جاری ہیں ، موذی وائرس کا ایک اور متاثرہ مریض دم توڑ گیا۔
محکمہ صحت بلوچستان کے ذرائع کے مطابق کچلاک کے 23 سالہ عبدالخالق کوتشویشناک حالت میں 5روزقبل کوئٹہ کے فاطمہ جناح ہسپتال لایا گیاتھا، مریض کی رپورٹ مثبت آنے پر دوران علاج دم توڑ گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ فاطمہ جناح انسٹیٹیوٹ آف چیسٹ ہسپتال کوئٹہ کے آئسولیشن وارڈ میں کانگو کے شبے میں 10 سالہ بچے سمیت مزید 2 مریض داخل ہیں۔
دوسری جانب ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ فاطمہ جناح ہسپتال میں کانگو کے شبہ میں مشرقی بائی پاس کے10 سالہ حفیظ اللہ کو بھی داخل کیا گیا جبکہ کانگو کے شبہ میں لائی گئی 40 سالہ مریضہ بی بی عائشہ کا تعلق چمن کے علاقہ باغیچہ سے ہے، دونوں مریضوں کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔
انتظامیہ کا مزید کہنا تھا کہ دونوں مریضوں کے ٹیسٹ کی رپورٹ آنا باقی ہے، فاطمہ جناح ہسپتال میں 3 مریض زیرعلاج ہیں۔
واضح رہے بلوچستان میں رواں سال کانگو کی 1مشتبہ مریضہ سمیت 10 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ کانگو سے 31 مریض متاثر ہوئے۔