لاہور: (محمد بلال) پاکستان سمیت دنیا بھر میں امراض قلب سے بچاؤ کا عالمی دن آج منایا جا رہا ہے۔
دنیا بھر میں امراض قلب کا عالمی دن 29 ستمبر کو منایا جاتا ہے، اس دن کو منانے کا مقصد لوگوں میں دل کی بیماریوں کے متعلق مکمل آگاہی اور ان سے بچاؤ کیلئے شعور پیدا کرنا ہے۔
لاہور سمیت پاکستان بھر میں دل کی بیماریوں میں خطرناک حد تک اضافہ ہو رہا ہے، ملک میں ہر سال تقریباً 2 لاکھ افراد دل کے امراض کے باعث دنیا چھوڑ جاتے ہیں، سرکاری ہسپتالوں میں امراض دل کے علاج کی سہولیات میں خاطر خواہ اضافہ نہ کیا جا سکا۔
ایم ایس پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور ڈاکٹر شعیب نے کہا ہے کہ انفراسٹرکچر کم ہے اور دل کے مریض زیادہ ہو رہے ہیں، بزرگوں اور نوجوانوں کے بعد بچے بھی دل کی بیماریوں میں تیزی سے مبتلا ہو رہے ہیں۔
ماہر امراض قلب پروفیسر محسن نقوی نے کہا کہ دنیا میں سب سے زیادہ اموات دل کی بیماریوں کے باعث ہوتی ہیں اور دل کی بیماریوں کی بنیادی وجوہات میں غیر متوازن غذا کھانا ورزش سے اجتناب، پان، گٹکے وغیرہ کا استعمال اور تمباکو نوشی ہیں۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ دل کے امراض سے بچنے کیلئے تمباکو نوشی، بازاری کھانے چھوڑنے ہوں گے، اس کے علاوہ روزانہ ایک گھنٹہ واک کی جائے جبکہ ذہنی دباؤ سے بھی مکمل بچنا ضروری ہے۔