پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ پولیو کا خاتمہ قومی فرض ہے، سب کو کردار ادا کرنا ہو گا۔
مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ صوبے کے 36 اضلاع میں انسداد پولیو مہم جاری ہے، 73 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا رہے ہیں، 34 اضلاع میں مہم 31 مئی جبکہ خیبر اور پشاور میں 2 جون تک جاری رہی گی۔
انہوں نے کہا ہے کہ 35 ہزار ٹیمیں اور 70 ہزار اہلکار پولیو مہم میں شریک ہیں، مہم کا ہدف 5 سال سے کم عمر بچوں کو وائرس سے محفوظ بنانا ہے، والدین پولیو ٹیموں سے تعاون کریں، بچوں کو قطرے ضرور پلوائیں، پولیو سے بچاؤ صرف دو قطروں سے ممکن ہے۔
بیرسٹر سیف نے مزید کہا ہے کہ پولیو کا خاتمہ قومی فریّضہ ہے، سب کو کردار ادا کرنا ہوگا، پولیو ویکسین محفوظ، مؤثر اور بچوں کے مستقبل کیلئے ضروری ہے، افواہوں پر کان نہ دھریں، پولیو ویکسین بچوں کو معذوری سے بچاتی ہے۔