خیبرپختونخوا حکومت کی عوام کیلئے لائف انشورنس سکیم متعارف کرانے کی منظوری

Published On 21 May,2025 10:23 am

پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا حکومت نے صحت کارڈ کے بعد عوام کو ایک اور بڑا ریلیف فراہم کرنے کی منظوری دے دی۔

مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کے پی حکومت نےصوبہ بھر کے تمام شہریوں کیلئے لائف انشورنس سکیم متعارف کرانے کی منظوری دی ہے، لائف انشورنس سکیم پر سالانہ 4.5 ارب روپے لاگت آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ سکیم کے تحت اگر گھر کے سربراہ کا انتقال ہو جائے تو لواحقین کو فوری مالی امداد فراہم کی جائے گی، 60 سال سے کم عمر میں انتقال کرنے والے افراد کے لواحقین کو 10 لاکھ روپے دیئے جائیں گے، جبکہ 60 سال سے زیادہ عمر میں وفات پانے والے افراد کے لواحقین کو 5 لاکھ روپے ملیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اکثر خاندان یا گھر کے کفیل کی وفات کے بعد شدید مالی مشکلات کا شکار ہوجاتے ہیں، وفات کی صورت میں متاثرہ خاندان دوہری تکلیف سے گزرتا ہے۔

بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی قیادت میں صوبائی حکومت عوام کی فلاح و بہبود کیلئےعملی اقدامات کر رہی ہے۔