انضمام کے بعد ضم اضلاع کا حصہ خیبرپختونخوا کا قانونی و آئینی حق ہے: بیرسٹر سیف

Published On 29 April,2025 10:35 am

پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا حکومت کے مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ ضم اضلاع کا حصہ صوبے کا قانونی اور آئینی حق ہے۔

بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے سی سی آئی میں صوبے کے حقوق کا کامیابی سے دفاع کیا، نیٹ ہائیڈل اور این ایف سی میں ضم اضلاع کا حصہ صوبے کا قانونی اور آئینی حق ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ نے دونوں ایشوز پر کونسل کو اعتماد میں لیا ہے، وفاق کو دونوں ایشوز پر خط لکھے گئے، جواب تاحال موصول نہیں ہوا، اگلے سی سی آئی اجلاس میں دونوں معاملات ایجنڈے کا حصہ ہوں گے۔

صوبائی مشیر اطلاعات نے کہا ہے کہ انضمام کے بعد ضم اضلاع کا حصہ خیبرپختونخوا کا قانونی و آئینی حق ہے، وفاق نے غیرقانونی اور غیرآئینی طور پر ضم اضلاع کا حصہ اپنے پاس رکھا، ضم اضلاع کی ترقی خیبرپختونخوا کی اولین ترجیح ہے۔

بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ ضم اضلاع میں ترقی کا جال بچھا کر دہشت گردی کا خاتمہ ممکن ہے، وفاق اگر دہشت گردی کے معاملے میں سنجیدہ ہے تو ضم اضلاع کے فنڈز فوری جاری کرے۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ دہشت گردی صرف صوبے یا ضم اضلاع کا مسئلہ نہیں پورے ملک کا مسئلہ ہے، وفاق ضم اضلاع کے معاملے میں سوتیلی ماں جیسا سلوک بند کرے۔