خلاصہ
- اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل میں ادارہ جاتی اصلاحات کا آغاز کر دیا گیا۔
صدر پی ایم اینڈ ڈی سی پروفیسر ڈاکٹر رضوان تاج کی زیر صدارت تمام شعبہ جات کے افسران کا اہم اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں صدر پی ایم اینڈ ڈی سی نے افسران کو کارکردگی مزید بہتر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے نظم و ضبط، احتساب اور عوامی خدمات کے معیار کو بہتر بنانے پر زور دیا۔
انہوں نے ادارے میں ڈیجیٹل تبدیلی کے عمل کو تیز کرنے اور شفافیت کے فروغ کے لیے متعدد اہم فیصلے کیے۔
صدر پی ایم اینڈ ڈی سی نے شعبہ اطلاعاتی ٹیکنالوجی کو وزیرِ نگران کے لیے نگرانی کا خصوصی ڈیش بورڈ تیار کرنے کی ہدایت کی، جبکہ زیر التوا شکایات کی ہفتہ وار رپورٹ ہر ہفتے کے اختتام پر پیش کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں آن لائن معائنہ پورٹل جلد متعارف کرانے، جعلی ایم ڈی کیٹ پورٹلز اور گمراہ کن معلومات کے بارے میں عوام کو آگاہ کرنے، فیکلٹی ریکارڈ میں موجود ڈپلیکیٹ اندراجات ختم کرنے اور مالی معاملات و فیس واپسی کے کیسز کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹانے کی ہدایات جاری کی گئیں۔
پروفیسر ڈاکٹر رضوان تاج نے لائسنسنگ کیسز اور تجدیدی درخواستوں کی کارروائی مزید تیز کرنے پر بھی زور دیا۔
اجلاس میں علاج کے دوران اموات سے متعلق موصول ہونے والی شکایات فوری نمٹانے اور افسران و عملے کی پیشہ ورانہ تربیت کے لیے ورکشاپس کے انعقاد کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
صدر پی ایم اینڈ ڈی سی کے مطابق ہر ماہ کے پہلے پیر کو شعبہ جاتی اجلاس منعقد ہوں گے تاکہ کارکردگی کا مسلسل جائزہ لیا جا سکے اور عوام کو بہتر خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔