بیلاروس کی جدید طبی ٹیکنالوجی قابلِ تحسین ہے، چیئرمین سینیٹ

بیلاروس کی جدید طبی ٹیکنالوجی قابلِ تحسین ہے، چیئرمین سینیٹ

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے بیلاروس کے سرکاری دورے کے دوران منسک سائنٹیفک اینڈ پریکٹیکل سینٹر کا دورہ کیا اور طبی مرکز میں خصوصی تقریب سے خطاب کیا۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اور بیلاروس کے درمیان صحت، ٹیکنالوجی اور ثقافتی شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات ہیں۔

سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ اعضا کی پیوند کاری، روبوٹک سرجری اور مصنوعی ذہانت پر مبنی تشخیص میں بیلاروس کی پیش رفت قابلِ قدر ہے، پاکستان اور بیلاروس کے درمیان طبی شعبے میں ادارہ جاتی روابط اور علمی تبادلوں کو فروغ دینا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ جدید طبی ٹیکنالوجیز اور مہارتوں کے اشتراک سے دونوں ممالک مزید مستفید ہوسکتے ہیں۔

پاکستانی پارلیمانی وفد نے بیلاروس کے جدید ہائبرڈ آپریٹنگ کمپلیکس میں براہِ راست طبی طریقۂ کار کا مشاہدہ بھی کیا۔

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے بیلاروسی اسٹیٹ میوزیم آف دی ہسٹری آف دی گریٹ پیٹریاٹک وار کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے جنگ کے دوران بیلاروسی عوام کی مزاحمت اور قربانیوں پر مبنی تاریخی نمائشوں کا مشاہدہ کیا۔

سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ بیلاروسی عوام کی بہادری اور استقامت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، پاکستان اور بیلاروس کے دوستانہ تعلقات کو پارلیمانی اور عوامی روابط کے ذریعے مزید مضبوط بنایا جاسکتا ہے۔