لاہور: (دنیا نیوز) قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پہلے دن ہی طالبان سے مذاکرات کرنے کو کہا اگر اب تک ایسا نہیں ہوا تو یہ حکومت کی کمزوری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی دور میں پٹرول کی قیمت بڑھنے پر جگا ٹیکس کا کہنے والے چودھری نثار اب کہاں ہیں ؟
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا کہ پٹرول ، بجلی اور ڈالر کی قیمت بڑھنے سے مہنگائی کی انتہا ہو گئی ہے۔ بجلی پر سبسڈی ختم کرنے پر خورشید شاہ کا کہنا تھا ملک ، اتفاق فونڈری نہیں جس کا مقصد صرف نفع کمانا ہو۔ قائد حزب اختلاف نے کہا کہ چیئرمین نیب کے نام پر تحریک انصاف کا احتجاج مناسب نہیں ، شاہ محمود قریشی سے دو مرتبہ نام دینے کو کہا لیکن کوئی جواب نہیں ملا ۔ کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن پر خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ آپریشن کا مطالبہ ایم کیوایم کا تھا ، اب باتیں کیوں ؟ جنہوں نے جرم کیا انہیں بھگتنا بھی ہو گا۔ قائد حزب اختلاف نے کہا کہ ضیاء الحق اور پرویز مشرف کے ساتھی انہیں تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں ، گو مشرف گو والی سیاست نہیں کرنا چاہتے ، پارلیمنٹ میں اپنا کردار ادا کریں گے ۔