لاہور: (دنیا نیو) پنجاب حکومت نے سرکاری میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں اسلام آباد کی سیٹوں کا کوٹہ بڑھا دیا۔
اسلام آباد کا ڈومیسائل رکھنے والے امیدواروں کی سیٹیں تین سے بڑھا کر 30 کر دی گئیں، اس سے قبل اسلام آباد کا ڈومیسائل رکھنے والے امیدوار پنجاب میں اوپن میرٹ سیٹوں پر داخلہ لے سکتے تھے۔
اسلام آباد کے امیدواروں کے لیے ایم بی بی ایس کی 26 اور بی ڈی ایس کی 4 سیٹیں مختص کی گئی ہیں، یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے اسلام اباد کے امیدواروں کے لیے ایم بی بی ایس کی درخواست دینے کی تاریخ میں دو دن کی توسیع کر دی۔
اب اسلام آباد کے امیدوار 17 جنوری شام 5 بجے تک ایم بی بی ایس میں داخلے کی درخواست دے سکتے ہیں، جو امیدوار پہلے درخواست جمع کرا چکے ہیں وہ 17 جنوری تک اپنی درخواست میں ردوبدل کر سکیں گے۔
یہ سہولت صرف اسلام آباد کا ڈومیسائل رکھنے والے امیدواروں کے لیے ہوگی، پنجاب کا ڈومیسائل رکھنے والے امیدواروں کے لیے تاریخ میں کوئی توسیع نہیں کی جا رہی۔
پنجاب کے ڈومیسائل والے امیدواروں کے لیے سرکاری میڈیکل کالجوں میں داخلے کیلئے درخواستیں جمع کروانے کی کل آخری تاریخ ہے، اب تک 12,967 امیدواروں نے ایم بی بی ایس میں داخلے کیلئے آن لائن درخواستیں جمع کروا دیں۔
یاد رہے کہ داخلوں کا عمل 6 جنوری کو یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیر اہتمام شروع کیا گیا تھا، امیدوار جلد از جلد آن لائن درخواستیں جمع کروانے کا عمل مکمل کرلیں۔