خلاصہ
- ایم کیو ایم کے نامزد میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن اور سندھ حکومت تاخیری حربے استعمال کرنے کی بجائے سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق مقررہ وقت پر انتخابی عمل پورا کرائے۔
کراچی: (دنیا نیوز) حسین آباد کے کچرے سے بھرے ایک گراؤنڈ میں ایم کیو ایم کے نامزد میئر کراچی وسیم اختر نے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت نے کراچی سمیت پورے سندھ کا ستیاناس کر دیا ہے، سپریم کورٹ نے 60 روز میں بلدیاتی انتخابی عمل پورا کرنے کے احکامات دیئے تھے جس میں اب صرف 25 روز رہ گئے ہیں۔
انکا کہنا تھا کہ سندھ حکومت اور الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی عمل پورا کرنے میں تاخیری حربے استمعال کئے جا رہے ہیں جس کی وجہ سے ملک کا سب سے بڑا شہر کراچی کچرے سمیت مختلف مسائل کا شکار ہو رہا ہے۔
وسیم اختر کا کہنا تھا کہ وڈیرے آخر کس حیثیت سے سوک سینٹر جا کر افسران سے ملاقاتیں کر رہے ہیں جبکہ ان ملاقاتوں سے بھی شہر کی صورت حال میں کوئی فرق نہیں پڑا۔ وسیم اختر کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم پورے ملک کے دورہ کر رہے ہیں اور مختلف ترقیاتی پیکجز کا اعلان کر رہے ہیں، انہیں چاہئے کہ وہ کراچی بھی آئیں اور دیکھیں کہ سندھ حکومت نے شہر کا کیا حال کر دیا ہے۔ وسیم اختر کا کہنا تھا کہ کراچی کو کوڑے سے صاف کرنے کے لئے گزشتہ دنوں شروع کی گئی صفائی مہم کی طرز پر ایم کیو ایم حکمت عملی تیار کر رہی ہے جس کا باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔