خلاصہ
- عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ شہدائے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قصاص کے حصول کی جنگ جاری رکھیں گے، ابھی حکومت کے خلاف احتجاج کا پہلا مرحلہ ختم ہوا، دوسرا اور تیسرا باقی ہے، انصاف کا کوئی راستہ نہ بچا تو فیصلہ کن رؤانڈ ہو گا۔
لاہور: (دنیا نیوز) عوامی تحریک نے ایوان اقبال سے لاہور پریس کلب تک کی ریلی نکالی۔ ریلی میں حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔ مجلس وحدت المسلمین اور دیگر جماعتوں کے نمائندوں نے بھی اظہار یکجہتی کے لئے شرکت کی۔
ریلی کے شرکاء سے عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری نے کینیڈا سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن ریاستی دہشتگردی کا بدترین واقعہ ہے، جب دیکھوں گا کہ انصاف تک جانے کا کوئی راستہ نہیں بچا تو فیصلہ کن راؤنڈ کا اعلان ہو گا۔
ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا تھا کہ شہداء کے ورثاء انصا ف کیلئے باہر نکل آئے تو حکمرانوں کیلئے چلنا پھرنا مشکل ہو جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ انتظار کر رہے ہیں کہ عدلیہ کمزور اور طاقتور کے درمیان کیا فیصلہ کرتی ہے؟ قاتل بچ گئے تو یہ انصاف، آئین اور قانون اور انسانیت کا خون ہو گا۔
عوامی تحریک کی ریلی کے باعث پریس کلب، ڈیوس روڑ، ایبٹ روڑ، ایجرٹن روڑ اور دیگر سڑکوں پر ٹریفک جام رہا اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔