خلاصہ
- نعیم الحق نے عمران خان کی شہ پر جنرل کیانی پر الزامات لگائے، پاکستان کا خیرخواہ ایسا بیان نہیں دے سکتا، وزیر اعظم کے معاون خصوصی آصف کرمانی کی تنقید۔
اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی کے متعلق ترجمان تحریک انصاف نعیم الحق کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے وزیر اعظم کے معاون خصوصی آصف کرمانی نے کہا ہے کہ نعیم الحق نے یہ بیان چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے اکسانے پر دیا ہے۔
دنیا نیوز سے بات کرتے ہوئے آصف کرمانی نے کہا کہ نعیم الحق نے ایسا بیان دے کر عوام کے مینڈیٹ کی توہین کی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان کا کوئی خیرخواہ ایسے تاثرات کا اظہار نہیں کر سکتا۔
آصف کرمانی نے مزید کہا کہ عمران خان وزیر اعظم نواز شریف سے اپنی نفرت میں اتنے آگے چلے گئے ہیں کہ اب وہ پاکستان کے دشمن بن چکے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی ناپختہ سیاستدانوں کا ایک گروہ ہے۔
دوسری جانب، نعیم الحق نے کہا ہے کہ انہوں نے سابق آرمی چیف کے متعلق جو بیان دیا اس کا ان کی جماعت سے کوئی تعلق نہیں اور یہ ان کی ذاتی رائے ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے جنرل کیانی پر الزام نہیں لگایا بلکہ صرف ایک قومی اخبار میں ان کیخلاف کہی گئی باتوں کی وضاحت مانگی ہے۔