سی ٹی ڈی کی کارروائی: انٹر بورڈ کراچی سے نقل مافیا کے 3 کردار گرفتار

سی ٹی ڈی کی کارروائی: انٹر بورڈ کراچی سے نقل مافیا کے 3 کردار گرفتار

کراچی: (دنیا نیوز) نقل مافیا کے تابوت میں آخری کیل ٹھونکنے کے انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ سی ٹی ڈی کی ٹیم پھر انٹر بورڈ آفس پہنچ گئی۔ ایس ایس پی نوید خواجہ کی سربراہی میں چھاپہ مار ٹیم نے تین افراد دھر لئے۔ تحقیقات کے دوران بورڈ کی سیکرٹ برانچ اور گزشتہ سالوں کے امتحانات کا سٹاک ریکارڈ بھی چیک کیا گیا۔ سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق، حراست میں لیا گیا ملزم شکیل پیپر لیک کرنے، امتحانی مراکز کی بندر بانٹ اور غیرقانونی طور پر نمبرز بڑھوانے میں ملوث ہے جبکہ اس کی نشاندہی پر خاور اور علیم کو بھی حراست میں لیا گیا۔

سی ٹی ڈی ٹیم تین گھنٹے تک انٹر بورڈ آفس میں موجود رہی۔ اس دوران بورڈ آفس کے داخلی و خارجی راستے سیل کر دیئے گئے۔ ایگزامنیشن برانچ سے بھی ریکارڈ تحویل میں لیا گیا۔ سی ٹی ڈی حکام کا کہنا تھا کہ نقل مافیا کے خلاف باقاعدہ مقدمہ درج کرنے کے احکامات مل چکے ہیں۔ کارروائی اہم شواہد جمع کرنے کے لئے کی گئی تھی۔